بھارتی افواج کشمیری شہدا کے جسد خاکی کی بے حرمتی میں ملوث ہے، مشعال ملک
چیئرپرسن پیس اینڈ کلچرآرگنائزیشن و کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ دنیا میں مودی اور نیتن یاہو کی دہشتگردی پھیل رہی ہے۔انسانی حقوق کےعالمی دن کےحوالےسےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں، اساتذہ کا قوم کی تعمیروترقی میں کلیدی کردارہوتا ہے، کشمیرسےمتعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پابند سلاسل کشمیری قیدیوں سے نارواسلوک کیا جارہاہے، یاسین ملک کو ٹارچر سیل میں رکھا گیا ہے، کشمیر میں قابض بھارتی افواج کشمیری شہدا کے جسد خاکی کی بے حرمتی میں ملوث ہے۔
چیئرپرسن پیس اینڈ کلچرآرگنائزیشن کاکہنا تھا کہ کشمیر کی کوئی فوٹیجز سامنے نہیں آرہیں، ہمیں فلسطین کی طرح کشمیریوں کا کیس بھی عالمی عدالت میں لے کر جانا چاہیے، کشمیریوں کے خلاف نسل کشی کا ڈیتھ وارنٹ جاری کیا گیا، کھلے عام قتل عام کا جشن بھارت میں منایا جا رہا ہے اور کشمیریوں ، فلسطینیوں کا ناحق خون بہایا جا رہا ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ انتخابات کرائے ہیں۔واضح رہے مودی سرکار نے حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کو سزائے موت دلوانے کیلئے پھر سے کوشش شروع کر دی ہے۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ اور علیحدگی پسند کشمیری رہنما یاسین ملک 34 سال پرانے جعلی کیس میں پہلے ہی بھارت میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، مودی سرکار نے اسی کیس میں اُن کے خلاف سزائے موت کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب مودی سرکار کے ناقدین نے کہا ہے کہ یہ عمل مقبوضہ کشمیر میں تحریکِ آزادی کو دبانے کی سازش ہے اور اِس سے عدالت کی غیرجانبداری پر بھی سوالیہ نشان لگ جائے گا۔علاوہ ازیں یاسین ملک کے مقدمے میں عدم شفافیت اور طریقہ کار کی خامیوں پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں پہلے سے ہی شدید تنقید کرتی آئی ہیں۔