پی ٹی آئی احتجاج، جڑواں شہروں کے تعلیمی ادارے کل بھی بند رہیں گے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں کل بھی تعلیمی اداروں میں تدریس معطل رہےگی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام نجی تعلیمی ادارےکل بھی بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ اسلام آبادکے سرکاری تعلیمی ادارے بھی کل بند رکھنےکا اعلان کچھ دیر میں متوقع ہے۔
اسلام آباد میں امن وامان کی صورتحال پر تعلیمی ادارے بند رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب راولپنڈی میں بھی ضلعی انتظامیہ نےکل تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق امن وامان کی صورتحال کے پیش نظرکل تمام سرکاری اور نجی اسکول بند رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق تعلیمی اداروں کو موجودہ صورتحال کے پیش نظر بند رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی اسلام آباد میں راستوں کی بندش کی صورتحال برقرار ہے اور راولپنڈی کو اسلام آباد سے ملانے والے راستےدوسرے روز بھی بند ہیں۔