بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

پنجاب کےپسماندہ علاقہ سدھا تھل کا شاندار روایات کا حامل سرکاری تعلیمی ادارہ

خصوصی تحریر

گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا تھل صحرا،ءے تھل کا ایک سکول ہے جو یہاں کے بچوں کی تعلیمی پیاس کو بجھانے کےلیےمثالی کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ سکول، صحرا میں ایک نخلستان کی مانند ہے۔

گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سِدھا تھل کی بنیاد 2 مارچ 1961ء میں رکھی گئی، پہلی کلاس ماسٹر اللہ یار حطار نے کچھ بچوں کے ساتھ ایک کچے کمرے میں شروع کی۔ اہلیان علاقہ کے مطابق شہری آبادیوں سے دور اور ایک نہایت ہی پسماندہ گاؤں ہونے کی وجہ سےتعلیمی ماحول نا ہونے کے برابر تھا۔ لیکن پھر دن بدلنے لگتے ہیں، قسمت اہل سدھا تھل پر مہربان ہوتی ہے اور 2013ء میں یہ سکول پرائمری سے ایلیمنٹری کا درجہ حاصل کرتا ہے اور 2014ء میں نیا سٹاف سکول میں اپوائنٹ ہوتا ہے اور یہاں سے اس سکول کی ترقی کا سفر شروع ہو جاتا ہے جو آج بھی جاری و ساری ہے۔

گاؤں سدھا تھل صوبہ پنجاب کا ایک انتہائی پسماندہ گاؤں ہے۔ یہ گاؤں تین سے چار ہزار افراد پر مشتمل ہے جن میں اکثریت غریب ، مزدور اور دیہاڑی دار لوگوں کی ہے جو محنت مزدوری کر کے اپنی زندگی کا پہیہ چلاتے ہیں۔ بلاشبہ تعلیم ہی وہ واحد اور موثر راستہ ہےجو قوموں کو محرومیوں اور پستیوں سے نکال کر ترقی کی بلند منازل پر فائز کرتاہے۔

مذکورہ بالا سدھا گاؤں میں بوائز کے لیے صرف ایک ایلیمنٹری سکول ہےجس کی بہترین نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا چرچا پورے ضلع میں ہے۔ یہ دراصل اس ادارے کے اساتذہ کرام کی شبانہ روز محنتوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔جنہوں نے سکول کے ماحول کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے ۔ یہ سکول سکاؤٹنگ کے میدان میں نہ صرف تحصیل ، ضلع بلکہ ہر سال مری اور لاہور میں منعقد ہونے والے مقابلوں بالترتیب سکاؤٹ نشیمن گھوڑا گلی مری اور صدارتی گولڈ میڈل سلیکشن کیمپ لاہور میں سرگودھا ڈویژن کی نمائندگی کرتاہے اور مختلف آ زمائشی مقابلوں میں پوزیشن بھی حاصل کرتا ہے۔تعلیم کے میدان میں بھی یہ ادارہ کسی سے پیچھے نہ ہے۔ہر سال صوبائی و ملکی سطح پر منعقد ہونے والے ایلیمنٹری لیول کیڈٹ ساز اور اے۔ او لیول تعلیمی اداروں کےمقابلہ جات میں اس ادارہ کے طلباء نہ صرف حصہ لیتے ہیں بلکہ امتیازی پوزیشنز بھی حاصل کرچکے ہیں اور کچھ طلباء ان اداروں میں زیر تعلیم بھی ہیں۔ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن اورسالانہ امتحانات میں تمام طلباء کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہیں۔ سکول ھذا کےطلباء سرکاری سطح پر ہونے والے تحصیل و ڈسٹرکٹ لیول کی ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتے ہیں اس ضمن میں کلچرل شو، فوجی ٹیبلو، ڈاچی ڈانس اور گارڈ آف آنر مقبولیت عامہ کے حامل ہیں۔

اس ادارہ کے ہیڈ ماسٹرز
عبداللہ گاہی، غلام یٰسین گاہی، ملک محمد طارق، اخلاق حسین، حافظ محمد عمران اور ملک محمد خان نے اپنے
سکول سٹاف اخلاق حسین سینئر ای ایس ٹی، حافظ فہیم الرحمان فزیکل ایجوکیشن ٹیچر، محمد سفیان میتھ ٹیچر، محمد سعید، نصر اللہ، شہادت حسین پی ایس ٹیز، فیصل عزیز اور غلام محمد نے اس کی تعمیروترقی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے اور اس حوالے سے سکول انتظامیہ کو سی ای او خوشاب اے ڈی خان بلوچ ، سی ای او چوہدری اشفاق احمد، ڈی ای او سیکنڈری ملک فضل الہی فضل ، ڈی ای او ایلیمنٹری فیض الحسن ملک ، شیخ محمد امجد اعجاز ڈپٹی ڈی ای او،
ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو ڈپٹی ڈی ای او ،ظہیر عباس بھٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن ضلع خوشاب ،
عابد حسین بھٹی اے ای او فزیکل ضلع خوشاب اور اے ای او محمد آصف خان نیازی کی بھر پورسرپرستی حاصل رہی ہے ۔ مزید برآں سکول کونسل ممبران ، نمائندہ والدین اور معززین علاقہ کا اس ادارے کے ساتھ تعاون بھی قابل صدستائش اور لائق تحسین وآفرین ہے۔

اساتذہ کرام ہیڈ ماسٹر ملک محمد خان کی سرپرستی میں نہ صرف طلباء کی علمی تَشنگی کو پورا کر رہے ہیں بلکہ ان کی اخلاقی تربیت کا فریضہ بھی بطریق احسن سرانجام دے رہےہیں۔ سکاؤٹنگ:_ سکاؤٹنگ کا مقصد باکردار، باصلاحیت، محب وطن اور تربیت یافتہ شہری بنانا ہے۔ سکاؤٹنگ کے میدان میں گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سِدھا کے پہلے دستے نے جو سات سکاؤٹس پر مشتمل تھا 2016ء میں گرمائی تربیتی سنٹر گھوڑا گلی مری میں شرکت کی۔ پہلے سال ہی کیمپنگ میں تعریفی سرٹیفکیٹ اور کیمپ فائر کے مقابلے میں صوبائی سطح پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 2018ء اور 2019ء میں صوبائی سطح پر منعقد ہونے والے صدارتی گولڈ میڈل شاہین سکاؤٹ سلیکشن کیمپ میں بھی اپنے ضلع کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی۔ ماضی قریب میں ہی کرونا وائرس کے دوران گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سِدھا کے سکاؤٹس نے سکاؤٹ لیڈر حافظ فہیم الرحمان کی زیر قیادت آگاہی مہم میں بھرپور حصہ لیا جس کو سراہتے ہوئے سیکریٹری پنجاب بوائے سکاوٹ ایسوسی ایشن محمد طارق قریشی نے تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا اور سکاؤٹس کی یہ آگاہی مہم مین سٹریم میڈیا پر خبروں کی زینت بھی بنی۔ 2021ء سے 2024ء تک ہر سال سکاؤٹ کیمپ گھوڑا گلی مری ہلز میں نیشنل و صوبائی سطح کے کیمپ میں منعقد ہونے والے مختلف مقابلہ جات حسنِ نعت، ملی نغمہ، ٹینٹ پچنگ، فرسٹ ایڈ، پائنرنگ پروجیکٹ اور آؤٹ ڈور میں کئی نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 2024ء میں مجموعی کارکردگی کی اعزازی شیلڈ بھی حاصل کر چکا ہے۔ اس ادارے کے ایک درجن سے زائد سکاؤٹس قائد اعظم سکاؤٹ ٹیسٹ اور علامہ اقبال سکاؤٹ ٹیسٹ کا تحریری امتحان پاس کر کے سرٹیفکیٹ حاصل کر چکے ہیں۔ سکول میں ہر سال 22 فروری کو ورلڈ سکاؤٹ فائنڈر ڈے پورے جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے اور مختلف سکاؤٹنگ کی سرگرمیاں پرفارم کی جاتی ہیں۔ تعلیمی و تفریحی دورہ جات:_ تعلیمی و تفریحی دورے کا بنیادی مقصد طلباء میں علم کے حصول کو تفریح سے جوڑ کر ایک یادگار تجربہ فراہم کرنا ہے۔ اس طرح کے دوروں سے طلباء نہ صرف کتابی علم سے آگاہ ہوتے ہیں بلکہ عملی طور پر بھی بہت کچھ سیکھتے ہیں۔

گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سِدھا کے طلباء کو وقتاً فوقتاً پاکستان کے مختلف مقامات پر تعلیمی و تفریحی دورہ جات کے لیے لے جایا جاتا ہے جس میں کھیوڑہ سالٹ مائن، ہسٹوریکل میوزیم لاہور، گریٹر اقبال پارک لاہور، شاہی قلعہ، مزار اقبال، بادشاہی مسجد، لاہور چڑیا گھر، فیصل مسجد اسلام آباد، شکر پڑیاں، پاکستان مونومنٹ، پاکستان مونومنٹ میوزیم۔ لاہور عجائب گھر، آرمی میوزیم لاہور، حافظ فوڈ فیکٹری جھنگ، مال روڈ اور گھوڑا گلی مری ان تمام مقامات پر سکول کی انتظامیہ اپنے سکول کے طلباء کو وزٹ کروا چکی ہے۔صوبائی و ملکی سطح پر تعلیمی مقابلہ جات میں شرکت:_ سندر سٹم سکول کے آل پاکستان میتھ کونٹیسٹ میں گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا کی تاریخی اور شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ سال 2021ء میں گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا کے تین طلبا محمد یونس، عبد المالک اور حمزہ عباس سندر سٹم سکول لاہور میں O+A Levels کی فلی فنڈڈ سکالر شپ کے لیے ریاضی کے امتحان میں پورے پاکستان سے ٹاپ 100 بچوں میں شامل ہوئے۔ ان تین طلبا کے مزید ٹیسٹ اور انٹرویو کے بعد عبد المالک او +اے لیول فلی فنڈد سکالرشپ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔ اسی طرح سال 2022ء میں بھی
میں گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا کے تین طلبا محمد مہران، محمد یونس اور حافظ حسیب اللّٰہ سندر سٹم سکول لاہور میں O+A Levels کی فلی فنڈڈ سکالر شپ کے لیے ریاضی کے امتحان میں پورے پاکستان سے ٹاپ 100 بچوں میں شامل ہوئے۔ ان تین طلبا کے مزید ٹیسٹ اور انٹرویو کے بعد محمد مہران او +اے لیول فلی فنڈد سکالرشپ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔ سال 2023ء میں گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا کے 7 طلباء محمد اعجاز، محمد بلال، محمد شعیب، حاجی احمد، احسان اللّٰہ، حافظ حسیب اللّٰہ اور محمد کامران آل پاکستان کے ٹاپ 100 طلباء میں شامل ہونے میں کامیاب ہوئے۔سندر سٹم سکول لاہور کی طرف سے پورے پاکستان کے پانچوں صوبوں، فاٹا اور آزاد کشمیر کے آٹھویں کلاس کے طلباء سے آٹھویں کی ریاضی کے مضمون سے ٹیسٹ لیا جاتا ہے جس کے لیے پورے ملک میں ٹیسٹ سنٹر بناۓ جاتے ہیں۔ 2021ء کے HEC کے IOM کے منعقدہ ٹیسٹ میں پورے پاکستان کے 6 طلبا کی ٹیم کی سلیکشن کی گئی اور اس ادارہ کی پہلے ہی سال کی کامیابی یہ رہی کہ ان 6 طلباء میں سندر سٹم سکول کے 4 طلباء شامل تھے اور یہ ٹیم اگلے سال ناروے میں منعقدہ انٹر نیشنل میتھ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے گئی۔ علاوہ ازیں دانش سکول، اخوت سٹم سکول قصور اور علی ٹرسٹ کیڈٹ کالج اسلام آباد میں بھی گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سِدھا کے طلباء ابتدائی ٹیسٹ پاس کر چکے ہیں، بچوں کو ان تمام ٹیسٹس کی تیاری میتھ ٹیچر محمد سفیان کرواتے ہیں۔

پنجاب کلچر ڈے:_ پنجاب کی خوبصورت ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے کلچر ڈے ہر سال 14 مارچ کو پورے پنجاب میں منایا جاتا ہے، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سِدھا میں بھی اس ثقافتی دن کو پورے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ ادبی مقابلہ جات:_ سرکاری سکولوں میں ایلیمنٹری ونگ کے ہونے والے سالانہ ادبی مقابلہ جات میں بھی گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا کے طلباء سکول کے سینئر ٹیچر انچارج بزمِ ادب پروگرام اخلاق حسین کی راہنمائی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

سپورٹس:_کھیل صرف تفریح کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ انسانی زندگی کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہ نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی صحت کے لیے بھی بہت مفید ہے۔ کھیل کھیلنے سے جسم چست و چالاک ہوتا ہے اور بچوں کو تندرست و توانا رکھنے کیلئے کسی بھی تعلیمی ادارے میں کھیلوں کی سرگرمیاں نہایت ہی ضروری ہوتی ہیں، اس میدان میں بھی گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سِدھا کے طلباء کسی سے کم نہیں ہیں۔

سائنٹیفک ماڈل مقابلہ جات:_ موجودہ دور جدید سائنس کا دور ہے سائنس کی تعلیم کے لیے صرف کتابوں پر انحصار نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس کے لیے عملی و تجرباتی تعلیم انتہائی ناگزیر ہے، محکمہ سکول ایجوکیشن ضلع خوشاب نے اس ضرورت کو محسوس کیا اور 2020ء سے اب تک ضلع بھر میں کئی سائنسی مقابلہ جات منعقد کروائے جا چکے ہیں ۔ان تمام مقابلہ جات میں گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سِدھا نورپورتھل کے طلباء نے نہ صرف شرکت کی بلکہ کئی پوزیشنز بھی اپنے نام کیں۔ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ضلع خوشاب کی طرف سے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سِدھا کے سائنس میتھ ٹیچر محمد سفیان کو 2024ء کے ہیرو ٹیچر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔

6 ستمبر یومِ دفاعِ پاکستان:_ یومِ دفاعِ پاکستان کی مناسبت سے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سِدھا ہر سال پاک بھارت جنگ 1965ء کے شہیدوں اور غازیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتاہے۔ لائبریری کا قیام:_
سکول میں فزیکل ایجوکیشن ٹیچر حافظ فہیم الرحمان نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت سکول کے طلباء کی تعلیمی تشنگی کو پورا کرنے کیلئے ایک چھوٹی سی لائبریری بھی قائم کی ہے۔

سٹوڈنٹ کونسل کا قیام:_ طلباء میں قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھاتھل میں سٹوڈنٹ کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔

اشتہار
Back to top button