ڈپٹی کمشنرخوشاب کی زیر صدارت ڈسٹر کٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد، ضلع کی بہتری کے لئے نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ
ڈپٹی کمشنرخوشاب سروش فاطمہ شیرازی کی زیر صدارت ڈسٹر کٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ جس میں ضلع کی بہتری کے لئے نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی ڈی ڈویلپمنٹ سہیل سکندرکے علاوہ محکمہ ہائی وے،ہیلتھ،انجینئرنگ،بلڈنگز،واپڈا،وائلڈ لائف،ایجوکیشن،سپورٹس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر متعلقہ اداروں کے انجینئرز کی جانب سے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور نئے منصوبوں پر ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی نئی اسکیموں کی نشاندہی کی گئی جبکہ پرانی جاری اسکیموں کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنرسروش فاطمہ شیرازی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ضلع بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں میٹریل کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے اور ہر جاری اسکیم میں بہتر کوالٹی کے میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو مطلوبہ بنیادی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، عوامی مفاد کے تمام منصوبے ترجیحی بنیادوں پرمکمل کئے جائیں۔