آج دنیا بھر میں پولیو کے خلاف عالمی دن منایا جارہا ،پاکستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 40 تک جا پہنچی
آج دنیا بھر میں پولیو کے خلاف عالمی دن منایا جارہا ہے ایسے میں پاکستان میں ایک نیا کیس سامنے آگیا جس سے رواں سال میں ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد میں انسداد پولیو کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل درہ آدم خیل سے تعلق رکھنے والے 30 ماہ کے بچے میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی 1) کے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔
لیبارٹری کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ضلع کوہاٹ سے پولیو کا یہ دوسرا کیس ہے، اب تک بلوچستان سے 20، سندھ سے 12، خیبرپختونخوا سے 6، پنجاب اور اسلام آباد سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔’اس سال کوہاٹ سے چار ماحولیاتی نمونوں میں ڈبلیو پی وی ون کی تصدیق ہوئی تھی جب کہ اس علاقے سے پہلا کیس ستمبر میں سامنے آیا تھا‘۔
اس کے علاوہ ملک بھر میں 402 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔رواں سال پولیو کیسز میں مسلسل اضافے سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے، سال 2019 میں ملک میں 147 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد ان میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
سال 2020 میں 85 اور 2021 میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا جب کہ 2022 میں 3، 2023 میں 6 اور 2024 میں اب تک 40 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔پاکستان میں 28 اکتوبر سے ایک اور ملک گیر ویکسینیشن مہم شروع کی جارہی ہے جس کا مقصد 5 سال سے کم عمر کے ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلانا ہے۔