ضلع کرم میں 2 قبائل میں تصادم کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد کی موت
خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں 2 قبائل میں تصادم کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 8 زخمی ہیں۔ڈپٹی کمشنر ضلع کرم جاوید اللہ محسود نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاک افغان سرحد کے قریب کنج علیزئی پہاڑوں اور روڈ پر فائرنگ سے 11 افراد قتل ہوگئے جبکہ 6 افراد زخمی ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) نے بتایا کہ کل 9 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، ایک مریض دوران علاج چل بسے، جس کے بعد اموات کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 8 زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق علاقے میں پولیس و سیکیورٹی فورسز کی نفری پہنچ گئی، فائرنگ کے واقعات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر جاویداللہ محسود ضلع کرم کا کہنا تھا کہ ضلع بھرمیں آمدورفت کے راستے محفوظ بنانے اور حالات معمول پر لانے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ مہینے ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں حریف قبائل کے درمیان مسلسل کئی روز جھڑپیں جاری رہی تھیں، جس دوران فائرنگ کے واقعات میں مزید 46 افراد ہلاک اور جبکہ 96 افراد زخمی ہو گئے تھے۔