سینیئر ٹیچر ملک غلام یاسین گاہی کے اعزاز میں پروقار الوداعی قریب
چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈسٹرکٹ خوشاب چوہدری شفاق احمد نے کہا ہے کہ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا تھل کے لیے ملک غلام یاسین گاہی کی بطور ٹیچر 38 سالہ شاندار تعلیمی خدمات لائق صد تحسین و آفرین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ ہذا میں ریٹائرڈ ہونے والے سینیئر ٹیچر ملک غلام یاسین گاہی کے اعزاز میں منعقدہ پروقار الوداعی پارٹی کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کی صدارت اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر نورپورتھل محمد آصف خان نیازی نے کی جب کہ اس شاندار تقریب کی نقابت کے فرائض اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ملک محمد امتیاز نسیم اور ٹیچر محمد سفیان نے بطریق احسن سرانجام دیے۔
سی ای او ایجوکیشن نے ہیڈ ماسٹر ملک محمد خان کی زیر قیادت نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کی ترویج اور صوبائی لیول پر خصوصی مقام حاصل کرنے کی شاندار الفاظ میں خوب پذیرائی کی۔ انہوں نے جملہ ٹیچنگ سٹاف کے ٹیم ورک کو بھی مثالی قرار دیا ۔ قبل ازیں سئننیر ٹیچر ملک اخلاق حسین پلوآں اور اور طلباء نے اظہار خیال کرتے ہوئے ملک غلام یاسین گاہی کو نونہالان وطن کی ہمہ جہتی تعلیم و تربیت کےلیے طویل خدمات کو زبردست سراہا۔
دوران تقریب طبلباء نے خوبصورت ٹیبلو شو اور خاکے پیش کر کے اپنے ہردلعزیز ٹیچر کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار کیا ۔ خصوصا” بچوں نے ڈاچی ڈانس پیش کر کے محفل کی رونق کو دوبالا کر دیا۔ ریٹائرڈ ہونے والے ٹیچر ملک غلام یاسین گاہی نے اظہار خیال کرتے ہوئے اپنی ریٹائرمنٹ کی تقریب میں سی ای او ایجوکیشن جناب چوھدری اشفاق احمد کی خصوصی تشریف آوری کو اپنے لیے کمال عزت افزائی قرار دیتے ہوئے خوبصورت بزم سجانے پر اپنے جملہ رفقاءے کار کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کی ان بے پایاں محبتوں، چاہتوں، مروتوں اور عقیدتوں کو کبھی فراموش نہیں کروں گا ۔ اس موقع پر ادارہ ہذا کے سٹاف، طلباء اور اہلیان علاقہ کی طرف سے ملک غلام یاسین گاہی کو تحائف بھی پیش کیے گئے ۔