بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

قومی زبان تحریک کی محترمہ فاطمہ قمر کی جانب سے ادیبہ محترمہ مسرت کلانچوی اور ادیبہ محترمہ ممتاز ملک کے اعزاز میں خصوصی نشست کا انعقاد

پاکستان قومی زبان تحریک کی محترمہ فاطمہ قمر کی طرف سے پاکستان کی نامور ادیبہ محترمہ مسرت کلانچوی اور پیرس سے تشریف لائی ہوئی ادیبہ محترمہ ممتاز ملک کے اعزاز میں خصوصی نشست کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں نامور خواتین نے ان کی دعوت کو شرف قبولیت بخشی۔ ان میں نامور ادیبہ شیریں گل رانا’ کنول بہزاد ہاشمی اور صباممتاز شامل ہیں۔ تمام خواتین صحافت و ادب سے تعلق رکھتی ہیں مادری زبانوں کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی اظہار خیال کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ مسرت کلانچوی صاحبہ کو ان کی ادبی خدمات پر صدارتی تمغہ ءحسن کارکردگی بھی ملا ہے۔ وہ سرائیکی اور اردو میں اظہار خیال کرتی ہیں۔ ممتاز ملک صاحبہ فرانس میں اردو اور پنجابی کی سفیر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں ایک عرصے سے پیرس میں ہوں یہاں تمام لوگ اپنی اپنی زبان میں بولنا فخر محسوس کرتے ہیں۔ یہاں کسی کو انگریزی بولنے کا بخار نہیں چڑھا ہوا۔ یہاں کے لوگ اس شہری کی بہت عزت کرتے ہیں جسے اپنی مادری زبان پر عبور حاصل ہو’ ممتاز ملک صاحبہ اردو اور پنجابی میں اپنے خیالات کا اظہار کرتی ہیں۔ محترمہ شیریں گل رانا’ ایک انتہائی قومی سوچ کی حامل باشعور خاتون ہیں ۔ وہ جہاں غزلیں لکھنے میں کمال رکھتی ہیں وہاں وہ نعت رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم بھی بہت جذب و احساس سے لکھتی ہیں!

صباممتاز بانو نفاذ اردو کی دیرینہ اور مخلص ساتھی ہیں۔ وہ ہمہ جہت شخصیت ہیں وہ شاعری ‘ صحافت’ کالم نگاری اور افسانہ نگاری میں اپنی خاص شناخت رکھتی ہیں ۔ محترمہ کنول بہزاد ہاشمی ادبی محفلیں جما کر’ ادب میں اپنے خوبصورت تخلیقی خیالات کا اظہار کر کے اردو کے فروغ میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں ۔یادرہے کہ تمام خواتین اپنے شعبہ زندگی کی نمائندہ خواتین ہیں سب نفاذ اردو کی اہمیت کو جانتی ہیں اور اس عظیم مشن میں وہ فاطمہ قمر صاحبہ کے ساتھ ہیں . فاطمہ قمر صاحبہ کے مطابق ان سب دوستوں کی آمد اور نفاذ اردو کے عظیم مشن میں ہمارا ساتھ دینے پر ان کی تہہ دل سے ممنون ہیں۔

اشتہار
Back to top button