بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

بورے والا۔ پانچ ڈاکووں  کی ایک  ہی رات میں تین دیہاتوں میں ڈکیتی کی وارداتیں

پولیس  ڈاکوؤں کے تعاقب کی بجائے وارداتوں کی تفصیلات لینے میں لگی رہی

پانچ ڈاکووں نے ایک ہی رات میں تین دیہات کے چار مختلف گھروں سے 17تولہ سے زائد طلائی زیورات، آٹھ لاکھ سے زائد نقدی اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ملزمان دیدہ دلیری سے  پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار، پولیس ڈاکووں کو پکڑنے میں ناکام، ڈی پی او وہاڑی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا گیا۔

جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اسلحہ سے لیس پانچ ڈاکو نواحی گاؤں 431/ای بی میں اظہر فاروق کے  گھر سے 7 تولہ طلائی زیورات، 2لاکھ روپے نقدی لوٹ کر مزید دو گھروں میں داخل ہوئے۔ اسی دوران پولیس کو بھی اطلاع کردی گئی  تھی۔

ڈاکو ،گاؤں کے رہائشی مصطفی  بلوچ کے گھر سے چار لاکھ روپے نقدی  لوٹ کر فرار ہو گئے جبکہ اس وقت پولیس گاؤں میں پہنچ چکی تھی۔ تاہم  ڈاکو وہاں سے فرار ہوکر ملحقہ گاوں 429/ای بی میں حشمت رحمانی کے گھر داخل ہوکر وہاں سے 5 تولہ طلائی زیورات اور ہزاروں روپے نقدی لوٹ کر ملحقہ گاوں 433/ای بی میں جا گھسے جہاں قربان علی اوڈ کے گھر سے گن پوائنٹ پر ایک موٹر سائیکل، 5 تولہ طلائی زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس اس دوران 431/ ای بی میں وارداتوں کی تفصیلات  میں وقت ضائع کرتی رہی۔

ایک ہی رات میں یکے بعد دیگر ان پے  در پے وارداتوں پر اہل علاقہ میں شدید خوف و ہراس اور غم و غصہ پایا جاتا۔ عوامی حلقوں نے ڈی پی او وہاڑی سے مطالبہ کیا ہے کہ  پولیس کارکردگی  کا نوٹس لیا  جائے فوری طور پر گینگ کا سراغ لگا کر لوٹا ہوا مال ریکور کیا جائے ۔

اشتہار
Back to top button