بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس تحصیل نورپورتھل

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس تحصیل نورپورتھل خالد محمود خان نیازی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے تحصیل نورپورتھل کا علاقہ مجموعی طور پر پرامن ہے اور یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں نورپورتھل پریس کلب کے وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انشاءاللہ اس حوالے سے ہرگز کوئی دقیقہ فر و گزاشت نہیں کیا جائے گا۔

خالد محمود خان نیازی نے کہا کہ علاقہ بھر میں گشت کے نظام کو مزید موثر بنا دیا گیا ہے اور پولیس کو سماج دشمن عناصر کی بیخ کنی کی خصوصی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کرائمز میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کا گھیرا تنگ کردیاگیا ہے. ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس نے کہا کہ پولیس تھانہ نورپور تھل اور پولیس تھانہ جوڑاکلاں سمیت دیگر دیگر پولیس چیک پوسٹس کا عملہ شب و روز اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے بھرپور کوشاں ہے اور اس حوالے سے سماج دشمن عناصر کے خلاف متعدد کامیاب کارروائیاں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کی حفاظت کے لئے پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے۔

ڈی ایس پی خالد محمود خان نیازی نے مزید کہا کہ معاشرتی اصلاح و فلاح کے لیے عوامی سماجی حلقوں سمیت میڈیا کا پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون اشد ضروری ہے۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کو سماجی بہبود کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اشتہار
Back to top button