پاکستان انڈر 19 ٹیم متحدہ عرب امارات میں سہ فریقی ون ڈے سیریز کھیلے گی
پاکستان مینز انڈر 19 کرکٹ ٹیم اس سال نومبر میں 50 اوورز کی سہ فریقی سیریز میں حصہ لے گی جس میں متحدہ عرب امارات اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہونگی۔ متحدہ عرب امارات اس سیریز کا میزبان ہے۔ ڈبل لیگ کی بنیاد پر ہونے والے اس ایونٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کا مقابلہ متحدہ عرب امارات سے ہوگا۔ سیریز کی دو ٹاپ ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ یہ سیریز اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ سے قبل کھیلی جائے گی جس کے مقام اور تاریخوں کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔یو اے ای کے دورے سے قبل پی سی بی ، نیشنل انڈر 19 کپ (ایک روزہ فارمیٹ) اور نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ (تین روزہ فارمیٹ) کا انعقاد کرے گا جس کا آغاز اکتوبر میں ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ انڈر 19 کھلاڑیوں کو پاکستانی اسکواڈ میں جگہ بنانے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کا کہنا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان مینز انڈر 19 ٹیم اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ سے قبل متحدہ عرب امارات میں ایک انتہائی مسابقتی انڈر 19 سہ فریقی سیریز میں حصہ لے گی۔ یہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا بہترین موقع ہوگا۔ پی سی بی اس سہ فریقی سیریز کا اہتمام کرنے پر ایمریٹس کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہے جو دونوں بورڈز کے درمیان مضبوط باہمی روابط اور نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
انڈر 19 سہ فریقی سیریز (50 اوورز ) شیڈول :
13 نومبر ۔ پاکستان بمقابلہ متحدہ عرب امارات
15 نومبر۔ افغانستان بمقابلہ پاکستان
17 نومبر ۔ متحدہ عرب امارات بمقابلہ افغانستان
19 نومبر۔ پاکستان بمقابلہ افغانستان
21 نومبر۔ افغانستان بمقابلہ متحدہ عرب امارات
23 نومبر ۔ متحدہ عرب امارات بمقابلہ پاکستان
26 نومبر۔ فائنل ۔