مورخہ 16 جولائی کو چشمہ جہلم لنک کینال بمقام حافظاں والی پل نزد پیلووینس میں کشتی الٹنے کے نتیجے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے نتیجے میں پیلووینس سے تعلق رکھنے والے چھ بچے نہر میں ڈوب کرجاں بحق ہوگئے۔ اچانک رونما ہونے والے اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقے بھر سے لوگ بہت بڑی تعداد میں جاءے وقوعہ پر پہنچے ۔ امدادی کارروائیوں کو تیز کیاگیا ۔ نہر میں ڈوبنے والے دس بچوں میں سے چار بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ پنجاب ایمرجنسی سروس، (ریسکیو 1122) خوشاب نے فوری طورپر شیر گڑھ نہر، پیلو وینس، حافظ والی پل، تحصیل نور پور میں واٹر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ پہلے 3 بچوں کی ڈیڈ باڈیز نکال لی گئیں اور بعدازاں دوبچوں کی۔ انجئینیر حافظ عبدالرشید ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو خوشاب کی زیر نگرانی نہر کے قریب ہنگامی طورپر ریسکیو کیمپ قائم کردیا گیا۔
واضح رہے کہ ذرائع کے مطابق مورخہ کو 16 جوالائی، بروز منگل بوقت دن تقریبا” سوا بارہ بجے، ریسکیو کنٹرول، خوشاب کو ڈراوننگ ایمرجنسی کی کال موصول ہوئی کہ حافظ والی پل شیر گڑھ نہر پیلووینس، نور پور تھل کشتی میں سواردس بچے کشتی الٹنے کی وجہ سے نہر میں ڈوب گئے ہیں کنٹرول روم نے فورا”نورپور سے ایمبولینس اور خوشاب اسٹیشن سے ریسکیووہیکل اور واٹر اور سرچ ریسکیو ٹیم کو بجھوایا ۔ریسکیو اور سرچ آپریشن میں معاونت کے لیے نزدیکی ضلع سرگودھا سے اضافی واٹر ریسکیو ٹیم کو بھی بلوا لیا گیا. جس نے موقعہ پر پہنچ کر چار بچوں کو بحفاظت زندہ نکال لیا جبکہ باقی چھ بچوں کی تلاش رات دیر تک جاری رہی۔
سرچ اور واٹر ریسکیو نے ڈراوننگ سائیٹ سے لے کے کئی کلومیٹر تک باڈیز تلاش کرنے کی بھرپور کوشش جاری رکھی، سکوبا ڈائیونگ، لائین سرچ، بوٹ سپننگ، وال سرچ کی مختلف تکنیک بروئے کار لائیں گئی۔
بتایا جاتاہے کہ واٹر ریسکیو ٹیم کی انتھک محنت سے 11:08 پر وقاص کی باڈی ڈراوننگ سائیٹ سے ایک کلومیٹر دور پہ تلاش کر لی گئی۔ ذرائع کے مطابق اس کے فوری بعد بعد سکوبا ڈائیور نے 11:38 پر سمیع اللہ کی باڈی ڈراوننگ سائیٹ سے 1.3 کلومیٹر کے فاصلے سے ڈھونڈ نکالی، واٹر ریسکیو ٹیموں نے نہر کے لمبے ایریا کو سرچ کیا اور آپریشن کا دائرہ کار بڑھا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈراوننگ سائیٹ سے 7.5 کلومیٹر دور 3:10دن پر عزیز اللہ کی باڈی ریسکیو ڈائیور تلاش کر کے نکال کے ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ اس میجر واٹر ریسکیو آپریشن میں اسوقت سات کلومیٹر سے زیادہ علاقہ سرچ کیا گیا۔
واٹر ریسکیو آپریشن میں سرگودھا اور خوشاب کی خصوصی واٹر ریسکیو ٹیمیں جو 35 ریسکیور اور 4 کشتیوں پر پر مشتمل تھیں۔ انہوں نے انجئنیر حافظ عبدالرشید ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی زیر نگرانی اپریشن جاری رکھا۔ باقی باڈیز کی تلاش واٹر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن نے جاری رکھی، ریسکیو آفس خوشاب اورریسکیو آفس سرگودھا کی واٹر ریسکیو ٹیموں کی معاونت کےلیے متعلقہ ارباب اختیار کی طرف سے پاک نیوی کی غوطہ خور ٹیم نے شب وروز سرچ آپریشن میں مثالی کردار ادا کیا لیکن شومیء قسمت تادم تحریر پیلووینس کے چھٹے آفتاب نامی بچے کی نعش نہ مل سکی ہے۔
سانحہ پیلووینس کے رونما ہونے کےبعد خصوصا” اہلیان پیلووینس نے جو مونس وغمخواری اور اتحادویگانگت کی مثال قائم کی اس کی ماضی میں کہیں نظیر نہیں ملتی۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نہر کے قرب وجوار میں دن رات موجود رہ کر اپنے پھول جیسے بچوں کی نعشیں تلاش کرائیں اور ریسکیورز اور پاک نیوی کی غوطہ خور ٹیموں سمیت تحصیل نورپورتھل اور ضلعی انتظامیہ خوشاب کی بھرپور طریقے سے معاونت کی۔ خصوصا” ریسکیو ٹیموں کی خدمت کے لیے پیلووینس کی معروف سماجی شخصیات نمبردار ملک محمد ایوب جسرا اور ان کے بھائی ملک ریاست علی جسرا سمیت اوران کے دیگر معاونین اور ساتھی دن رات خدمت پر مامور رہے۔
اس اندوہناک واقعہ کو کوریج دینے کےلیے مقامی میڈیا ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود رہیں اور لمحہ بہ لمحہ آنکھوں دیکھے حال کے تحت رپورٹنگ کاسلسلہ جاری رکھا ان کی انسانی ہمدردی کےلیےیہ کاوش لائق تحسین و آفرین ہے جبکہ دوسری طرف ڈسٹرکٹ ریسکیو آفس خوشاب کے میڈیا کوآرڈینیٹر عثمان حیدر نے بھی عوامی آگاہی کےلیے ضلع بھر کے میڈیا کے ساتھ بھرپورطریقے سے کوآرڈینیشن رکھا جوکہ قابل دادہے۔
اس افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب توقیر محمد نعیم ، اسسٹنٹ کمشنر تحصیل نورپورتھل ڈاکٹر ہارون احمد شیراز اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس تحصیل نورپورتھل خالد محمود خان نیازی سمیت دیگر انتظامیہ کے متعلقہ آفیسرزنے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کرتے رہے۔ ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی اس فرض شناسی اور انسانی ہمدردی کے لیے عملی اقدامات پر اس سانحہ کی نذر ہونے والے بچوں کے لواحقین عزیز و اقارب اور اہلیان علاقہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف متعلقہ انتظامیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے بلکہ ان کی اس فرض شناسی کو قابل تقلید قراردیتے ہوئے ان کا تہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
سانحہ ء پیلووینس کی اطلاع ملتے ہی نامور سماجی شخصیات ملک مرید حسین جسرا، ملک عبدالباسط جسرا، ملک ظفر جمال جسرا، ملک عبداللہ جسرا، ملک صاحب خان ، ملک خورشید حطار، ایڈووکیٹ ملک عطا اللہ جسرا ، نمبردار ملک محمد ایوب جسرا، ملک ریاست علی جسرا، ایڈووکیٹ ملک محمد وارث جسرا اور دیگر متعددنمائندہ سماجی شخصیات بھی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے ڈوبنے والے بچوں کو نکالنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ذمہ داران سے رابطے تیز کر دئیے اور اور غمزدہ خاندانوں کی ڈھارس بناتے رہے۔
سولہ جولائی کو رونما ہونےوالے اچانک اس واقعہ نے پیلووینس میں قیامت صغری کا منظر پیش کر دیا۔ ہر انکھ اشکبار تھی۔ کئی ایک ہنستے بستے گھر اچانک اجڑ گئے اور ان کے ٹمٹماتے چراغ نہر میں ڈوب کر ہمیشہ کے لیے بجھ گئے۔
دل خراش واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ممبر صوبائی اسمبلی سردار علی حسین خان بلوچ ،ممبر قومی اسمبلی انجینئر ملک گل اصغر خان بگھور، ممبر قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان ، ممبر صوبائی اسمبلی ملک محمد آصف بھاء، ممبر صوبائی اسمبلی ملک فتح خالق بندیال، ایکس ایم این اے ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ، ایکس ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر پنجاب ایڈووکیٹ ملک امجد رضا گجر، ملک غلام جعفر خان بگھور، ممتاز سماجی وسیاسی شخصیات ملک ہارون بندیال ، ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی ، ایکس پریذیڈنٹ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خوشاب ملک طاہر رضا بگھور ، ایکس جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خوشاب ملک شاہد اقبال بگھور ، سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل خوشاب ملک محمد وارث بگھور، ملک عبدالرحمان وارث کلو، ملک محمد خالداعوان، ملک گلداد خان بگھور، ملک گل ایاز خان بگھور، انجینیئر ملک طاہر ندیم بگھور، اور دیگر متعدد سماجی شخصیات نے تواتر سے پیلووینس کا رخ کئے رکھا اور غم زدہ خاندانوں کا دکھ بانٹتے رہے اور ان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے رہے۔ دریں اثناء ایکس ممبر صوبائی اسمبلی بیرسٹر ملک معظم شیر کلو جو تادم تحریر عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے حجاز مقدس میں خوش قیام ہیں انہوں نے بھی پیلووینس کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم آپ سب کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ معروف سماجی وسیاسی شخصیات ملک غلام حسن سلہال، ایڈووکیٹ ملک عبدالحفیظ اسلم بوڑانہ، ملک احسان قادرمجوکہ، نمبردار ملک ساجد عباس بگھور، نمبردار ملک حاجی ظہور احمد جوڑا، ملک حاجی اعجازحسین برہان، ملک محمد شہباز برہان، ملک علی رضا چھینہ، ڈاکٹر خالد سیف اللہ بھٹی، راجہ محمد رضوان، سردار قنبررضا خان بلوچ، سردار تجمل حسین بلوچ ،
ملک محمد حسنین سبحانی کھارا اور دیگر نے پیلووینس کے غم زدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیاہے۔
آخر پر اللہ تبارک و تعالی کے حضور دعا ہے کہ وہ بابرکت ذات و اعلی صفات نہر میں ڈوب کر جان بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین اور ان کے عزیز و اقارب کوصبر جمیل اور اجرعظیم عطا کرے اور علاقہ تھل سمیت وطن عزیز کے ہر علاقے کو ایسی ناگہانی آفات و بلیات اور افسوس ناک واقعات سے ہمیشہ محفوظ رکھے۔ آمین!