بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کا یوم شہادت، صدر، وزیراعظم اور پاک فوج کا خراج عقیدت

میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کا 66 واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔صدر، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج کی جانب سے میجر محمد طفیل شہید کو انکی شہادت پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

میجر طفیل محمد شہید نے 1958 میں مشرقی پاکستان میں لکشمی پور سیکٹر پر بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، انہیں نشان حیدر پانے والے دوسرے شہید ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے جان کا نذرانہ دینے والے وطن کے سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

دوسری جانب صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے میجر طفیل محمد کو ان کی 66ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے میجر طفیل محمد شہید کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید کا احساس فرض، جرات، بہادری اور وطن کی حفاظت کے عہد کو برقرار رکھنا نوجوان نسل کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور زخموں کی پرواہ کیے بغیر اپنا مشن پورا کیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button