سالگرہ کی تقریب میں فائرنگ، حملہ آور سمیت 4 ہلاک
فرانس میں واقع ایک گاؤں میں مسلح شخص نے سالگرہ کی تقریب میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں حملہ آور سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے۔خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتے کو حملہ آور فرانسیسی گاؤں اسپناس وزیل میں واقع گھر میں گھس گیا جہاں ایک 20 سالہ نوجوان اپنے گھر والوں کے ساتھ سالگرہ منا رہا تھا۔مقامی پریفیکچر نے بتایا کہ حملہ آور نے پارٹی میں شریک مہمانوں پر گولیاں برسادیں جس کے نتیجے میں شوٹر سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
سالگرہ منانے والا نوجوان اور اس کے والد دونوں ہی اس حادثے میں ہلاک ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ پولیس ابھی تک اس حملے کی تفتیش کر رہی ہے، ایسا لگتا ہے کہ اس شخص نے مہلک حملے سے قبل گزرنے والی موٹرسائیکلوں پر بھی گولیاں چلائی تھیں۔ایک مقامی پراسیکیوٹر جیروم پیکس نے اے ایف پی کو بتایا کہ حملے میں زخمی ہونے والے 4 افراد زیر علاج ہیں مگر ان کی چوٹیں مہلک نہیں ہیں۔