86سے زائد وارداتوں میں ملوث ڈاکو ریاست علی پولیس مقابلے میں ہلاک
لاہور میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ شاہدرہ اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ اور مبینہ پولیس مقابلے میں پولیس کو 86 سے زائد وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ڈاکو ریاست علی ہلاک ہو گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم کو ساتھیوں کی گرفتاری اور ریکوری کے لیے تھانہ شاہدرہ پولیس لے جا رہی تھی کہ ساتھی کو چھڑوانے کے لیے ملزم کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈاکو ریاست علی عرف کلو شدید زخمی ہو گیا لیکن وہ ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم ریاست علی ڈکیتی، راہزنی اور نقب جیسی 86 سے زائد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے دوران ڈکیتی شیخوپورہ کے علاقے میں کئی شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا۔ملزم کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔