بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ورلڈ چیمپئن شپ آف دی لیجنڈز، بھارت جنوبی افریقہ سے شکست کے باوجود سیمی فائنل میں پہنچ گیا

بھارت ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ورلڈ چیمپئنز شپ آف لیجنڈز کرکٹ ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقا نے آخری میچ میں انڈین چیمپئنز کو 54 رنز سے ہرادیا۔ شکست کے باوجود انڈین چیمپئنز نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔نارتھ ہیمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا چیمپیئنز نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹ پر 210 رنز بنائے۔سین مین 73، لیوی 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سے ہربجھن سنگھ نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بھارت کو جیت کے لیے 211 اور سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے153 رنز کا ہدف ملا۔لیکن ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پانچ وکٹیں 77 رنز پر گر گئیں ۔جس کے بعد انڈین چیمپیئنز نے میچ جیتنے کے بجائے153 رنز کو ہدف بنالیا۔

عرفان پٹھان اور یوسف پٹھان کے درمیان 56 رنزکی شراکت بنی ۔عرفان 35 رنز بناکر  رن آؤٹ ہوئے ،  تاہم یوسف پٹھان  نے اگلی دو گیندوں پر ڈیل اسٹین کو چھکا اور چوکا لگایا اور پھر آخری گیند پر چوکا لگاکر بھارت کو 153 رنز سے پار کیا۔

یوسف پٹھان 54 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔جنوبی افریقا چیمپیئنز میچ تو 54رنز سے جیت گئی لیکن سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرسکی۔بھارت نے ایونٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے، سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا جبکہ پاکستان ویسٹ انڈیز کے مد مقابل ہوگی۔

اشتہار
Back to top button