اسلام آباد پولیس کی کارروائی، بارودی مواد برآمد، ملزم فرار
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بڑی تباہی کی کوشش ناکام بنا دی، پولیس اہلکاروں پر فائرنگ میں ملوث 2 ملزم بھی گرفتار کر لیے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کو خفیہ معلومات ملیں کہ تھانہ سنگجانی کی حدود میں نامعلوم افراد مشکوک سرگرمیاں میں مصروف ہیں جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی، اس دوران ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹر اور خودکش جیکٹ کا سامان برآمد ہوا۔
پولیس نے مدد کیلئے بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی موقع پر طلب کر لیا، بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکاروں نے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا، آپریشن کے دوران ملزمان پولیس ٹیم کو دیکھ کے فرار ہو گئے جن کی تلاش کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے میں کارروائی کر کے اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے دو ملزموں کو حراست میں لے لیا جبکہ ایک فرار ہو گیا، گرفتار ہونے والے ملزم دہشت گردی سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔