بسم اللہ الرحمن الرحیم

سائنس و ٹیکنالوجی

پاکستان سویڈن کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے کے لیے خواہاں

وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت انفارمیشن و کمیونیکیشنز ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں، پاکستان سویڈن کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے کے لیے خواہاں ہے، سویڈش ٹیک کمپنیوں کو آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو آئی ٹی و ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گول میز کانفرنس میں سویڈن کے سفیر ہنرک پیرسن اور سویڈش ٹیک کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

شزہ فاطمہ نے کہاکہ انفارمیشن و کمیونیکیشنز ٹیکنالوجی کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، وزارت آئی ٹی ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کے لیے کام کر رہی ہے، ڈیجیٹل پاکستان پالیسی ڈیجیٹل منتقلی کو اگلی سطح پر لے جانے کے لیے راہ ہموار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کی توجہ آئی سی ٹی انڈسٹری کو بااختیار بنانے پر مرکوز ہے، سکلز بلڈنگ، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ، ریسرچ، انوویشن، سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کے اقدامات کئےجا رہے ہیں، موجودہ حکومت عوام کو سستی و معیاری آئی سی ٹی سروسز کی فراہمی کے لیے پر عزم ہے۔

 

 

وزیر مملکت آئی ٹی نے کہا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار ہے، ایس آئی ایف سی آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے سہولت کاری فراہم کر رہی ہے، سویڈش ٹیک کمپنیاں پاکستان میں آئی ٹی و ٹیلی سیکٹر میں سرمایہ کاری کریں۔گول میز کانفرنس میں ایمبیسڈر ایٹ لارج برائے انویسٹمنٹ سلمان احمد ،سیکرٹری وزارت آئی ٹی عائشہ حمیرا موریانی، ممبر ٹیلی کام محمد جہانزیب رحیم، ڈی جی ٹیلی کام فیصل رتیال، ڈی جی آئی ٹی اسفند یار خان، ڈی جی انٹرنیشنل کوآرڈینیشن سید جواد علی شیرازی بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیے  توہین آمیز مواد نہ ہٹانے پر پاکستان میں وکی پیڈیا بلاک

گول میز کانفرنس میں سویڈش کمپنیوں ایریکسن، نیڈ ان سائٹس، ایل سی سی/ٹاک پول، کوئکسل، ساب اور ماہانہ ویلتھ لمیٹڈ کے نمائندوں نے شرکت کی۔سویڈش ایمبیسی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل اینڈ ہیڈ آف گلوبل ڈیپارٹمنٹ ڈیگ جہلن ڈان فیلٹ، ڈیسک آفیسر سویڈش فارن افیئرز منسٹری سٹنا ہنڈرسن، میکس سکاف، پی آر او فاطمہ نسیم نے گول میز کانفرنس میں شرکت کی۔بعدازاں سویڈش وفد کے ساتھ ڈیجیٹلائزیشن، کینکٹوٹی، آئی ٹی و ٹیلی کام انفراسٹرکچر، آئی ٹی برآمدات، سٹارٹ اپس، ای گورننس، ای روزگار اور سکلز ڈویلپمنٹ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

 

 

سویڈش کمپنیوں کے نمائندوں نے کہاکہ سویڈن کی طرز پر پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں پالیسی سطح پر تیز تر اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستان کو آئی ٹی کے شعبے میں ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کی ضرورت ہے، سویڈش کمپنیاں پاکستانی افرادی قوت کو تربیت دینے کے لیے تیار ہیں۔اس موقع پر سویڈن کے سفیر ہنرک پیرسن نے کہا پاکستان اور سویڈن کے مابین اچھے تعلقات ہیں، سویڈن پاکستان کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

Back to top button