ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ افغانستان کو ہتک آمیز شکست دیکر فائنل میں داخل
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا۔
افغانستان کی پوری ٹیم 11.5 اوورز میں 56 رنز بناکر آل آوٹ ہوگئی۔جنوبی افریقہ نے 57 رنز کا ہدف 8.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، ریزا ہینڈرکس 29 اور کپتان ایڈن مارکرم 23 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کے سامنے افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کوئی بھی بیٹر جنوبی افریقی بالرز کا مقابلہ نہیں کر سکا۔افغانستان کے 3 کھلاڑی رحمٰن اللّٰہ گرباز، محمد نبی اور نور احمد بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے جبکہ عظمت اللّٰہ عمرزئی کے سوا کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہو سکا۔ابراہیم زدران 2، گلبدین نائب 9، عظمت اللّٰہ عمرزئی 10، خیروت 2، کریم جنت اور کپتان راشد خان 8، 8 جبکہ نوین الحق اور فضل الحق فاروقی 2، 2 رنز بنا سکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو جینسن اور تبریز شمسی نے 3، 3 جبکہ کگیسو رباڈا اور اینریچ نورجے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں رچرڈ ایلنگ ورتھ اور نتن مینن آن فیلڈ امپائر کی ذمہ داری نبھائی جبکہ رچرڈ کیٹلبرو ٹی وی امپائر اور احسن رضا فورتھ امپائر تھے۔