تشدد کے متاثرین کی حمایت کا عالمی دن۔ اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر
انسانی تشدد نہ صرف ناقابل قبول ہے بلکہ ایک جرم ہے. عبدالصمد انقلابی۔
اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما عبدالصمد انقلابی نے سری نگر سے جاری اخبارات کے نام اپنے ایک تحریری بیان میں کہا کہ دنیا بھر میں آج تشدد کے شکار افراد سے یکجہتی کا عالمی دن منایا جارہا ہے اس دن کے منانے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ انسانی تشدد نہ صرف ناقابل قبول ہے بلکہ جرم ہے کے بارے عام آدمی میں شعور کو اجاگر کرنا ہے۔تشدد کے متاثرین کی حمایت میں اقوام متحدہ کا بین الاقوامی دن لوگوں کے لیے ایک یاد دہانی کا کام کرتا ہے کہ انسانی تشدد ایک جرم ہے۔
تنظیم کے چیئرمین اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر حریت رہنما عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ جموں کشمیر میں دس لاکھ سے زائد افواج کو کشمیریوں پر ظلم و جبر، تشدد اور ماورائے عدالت قتل و غارت گری کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ عالمی اداروں کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 1989 سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیری مسلمان شہید کیے جاچکے ہیں، 7500 ماورائے عدالت قتل اور بھارتی افواج کے پیلٹ گنز کے استعمال سے 500 سے زائد کشمیری بینائی سے محروم ہوچکے ہیں۔ ایک لاکھ سے زائد کشمیری بچے بھارتی فوج کے ہاتھوں یتیم ہوچکے ہیں، 15 ہزار خواتین اجتماعی زیادتی کا شکار ہوچکی ہیں، کنن پوش پورہ، سوپور، کپواڑہ، ہندواڑہ اور شوپیاں کے ہزاروں متاثرین خواتین عالم انصاف کے اداروں کے توجہ کے اب بھی منتظر ہیں۔ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز اٹھانے والوں کو یا تو صفحہ ہستی سے ہی مٹا دیا جاتا ہے یا انہیں جعلی مقدمات میں پھنسا کر جیل کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل کر موت و حیات کے رحم و کرم کے سپرد کیا جاتا ہے، حقوق انسانی کے معروف و ممتاز سرگرم کارکن خرم پرویز سمیت ذرائع ابلاغ کے بیسویں نمائندوں اور جموں کشمیر کے حریت پسند رہنماوں کو جموں کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد کو دنیا کے سامنے لانے پر پابند سلاسل کردیا گیا ہے، کشمیریوں کو سوشل میڈیا پر داستان غم لانے پر بھارتی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے، الغرض بھارتی حکمرانوں نے جموں کشمیر میں آزادی اظہار رائے پر سخت گیر پابندیاں عائد کی ہوئیں ہیں جس کی وجہ سے جموں کشمیر میں قبرستان جیسی خاموشی چھائی ہوئی ہے۔