بسم اللہ الرحمن الرحیم

سائنس و ٹیکنالوجی

پاکستان کا جدید کمیونی کیشن سیٹلائٹ جمعرات کو خلا میں بھیجا جائیگا

’آئی کیوب قمر‘ کی کامیاب لانچنگ کے بعد ڈیجیٹل پاکستان کی جانب سفر میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان نے جدید کمیونیکشن سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کی تیاری کرلی۔رپورٹ کے مطابق ہائی پاور ملٹی مشن سیٹلائٹ جمعرات کو خلا میں بھیجا جائے گا، مشن کی کامیاب تکمیل سے پاکستان کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی خواب نہیں رہے گی۔پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن(سپارکو) کے ترجمان نے کہا کہ جدید کمیونیکیشن سیٹلائٹ ’ایم ایم ون‘ کی ٹیسٹنگ جاری ہے، سیٹلائٹ براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور ٹی وی براڈ کاسٹنگ سروسز فراہم کرے گا۔

ترجمان سپارکو نے کہا کہ سیٹلائٹ ایم ایم ون چین میں تیار کیا گیا ہے، ایم ایم ون کی عمر 15 سال ہے، ایم ایم ون سیٹلائٹ کی لانچنگ سپارکو میں لائیو دکھائی جائے گی۔ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں سپارکو نے کہا کہ ایم ایم ون پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، ایک ترقی یافتہ ڈیجیٹل پاکستان سپارکو کا عزم ہے۔

یاد رہے کہ چین کے شہر ہینان کے وینچینگ خلائی سینٹر سیٹلائٹ آئی کیوب قمر 3 مئی کو 2 بجکر 27 منٹ پر روانہ ہوا تھا۔’آئی کیوب قمر ’ کو انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے چین کی شنگھائی یونیورسٹی اور پاکستان نیشنل اسپیس ایجنسی ’سپارکو‘ کے تعاون سے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔

یہ دنیا کا پہلا مشن ہے جو چاند کی دوسری طرف سے نمونے حاصل کرے گا، پاکستانی سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ دو آپٹیکل کیمروں سے لیس ہے جو چاند کی سطح کی تصاویر لینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ٹیسٹنگ اور قابلیت کے مرحلے سے کامیابی سے گزرنے کے بعد ’آئی کیوب کیو‘ کو چین کے ’چینگ 6‘ مشن کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیے  ’ورلڈ ٹیلی ویژن ڈے‘ آج منایا جا رہا
Back to top button