چیئرپرسن این سی ایس ڈبلیو، اسلامی نظریاتی کونسل اور یو این ایف پی اے کم عمری کی شادیوں کے صحت پر اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کے تحت کوشاں
قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) چیئرپرسن نیلوفر بختیار کی سربراہی میں اسلامی نظریاتی کونسل اور اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ (یو این ایف پی اے) کے تعاون سے، خواتین کی صحت پر کم عمری کی شادیوں کے اثرات سے نمٹنے اور اس کے متعلق آگاہی کے حوالے سے اقدام کر رہا ہے۔ اسی سلسلے کی اہم کوشش کے طور پر پاکستان بھر میں مختلف فرقوں کے مذہبی رہنماؤں نے، اسلامی نظریاتی کونسل کے اراکین کے ساتھ، کراچی میں کوہی گوٹھ (فسٹولا) ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد مذہبی رہنماؤں کو کم عمری کی شادیوں کے صحت پر مضر اثرات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا اور 18 سال سے پہلے کی شادیوں کو روکنے کے لیے وکالت میں ان کے اہم کردار پر زور دینا تھا۔
چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے اس حساس مسئلے کو حل کرنے میں مذہبی رہنماؤں کو شامل کرنے کی اہمیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "ہم سمجھتے ہیں کہ مذہبی رہنما سماجی اصولوں اور اقدار کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بچوں کی شادیوں کے مضر صحت اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کرکے، ہم امید کرتے ہیں کہ لڑکیوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے والی شادیوں کو فروغ دینے میں ان کی حمایت حاصل کر پائیں گے۔”
مذہبی رہنماؤں نے لڑکیوں کو کم عمری کی شادی کے منفی اثرات سے بچانے کے تصور کی حمایت کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ لڑکیوں کو شادی کی عمر میں CNIC ہونا چاہیے۔ انہوں نے کمیونیٹیز، مذہبی رہنمائوں، میڈیا، عدلیہ، اور نکاح خواں کی شمولیت کے ذریعے بچوں کی شادی کے نتائج کے بارے میں بڑے پیمانے پر آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ مشترکہ کوشش پاکستان میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق اور صحت کے تحفظ کے لیے NCSW، CII اور UNFPA کے عزم کو واضح کرتی ہے۔ مسلسل وکالت اور شراکت داری کے ذریعے، ہمارا مقصد ایک ایسا معاشرہ بنانا ہے جہاں ہر فرد کو صحت مند اور بھرپور زندگی گزارنے کا موقع ملے۔