اعتماد، سفارت کاری کا کلیدی جزو ہے، مسعود خان
امریکہ میں پاکستان کے سفیرمسعود خان نے کہا کہ اعتماد، سفارت کاری کا کلیدی جزو ہے، اورہمیں اسے قائم رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سفارت کاری کا آغاز قریبی جاننے والوں سے کرتے ہیں پھریہ دو افراد، دو برادریوں اور دو قوموں کے درمیان پراعتماد دوستی میں بدل جاتے ہیں جو بعد ازاں سیاسی اور معاشی لین دین پر منتنج ہوتے ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار سفارت خانہ پاکستان میں منعقدہ ایک ثقافتی تقریب کے دوران کیا جس خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس تقریب میں پاکستان کی ثقافت، روایتی ملبوسات، لذیذ کھانوں اور فن پاروں کی شاندار نمائش کی گئی۔
بعدازاں، سفیر مسعود خان نے ایکس (ٹوئٹر) پر دس فار ڈپلومیٹس کے کردار کو سراہتے ہوئےاپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ امن، سلامتی اور خوشحالی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا آپ یہاں ریاست ہائے متحدہ میں مختلف اقوام کی نمائندگی کررہے ہیں اور دس فار ڈپلومیٹس نے ان غیر ملکیوں کو ایک خاندان میں تبدیل کردیا ہے تاکہ وہ ایک دوسرےکے نقطہ نظر کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
پاکستان میں سیاحت کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے، سفیر مسعود خان نے شرکاء کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں اور برف پوش چوٹیوں سے لے کر قدیم ساحلی علاقوں تک پاکستان کی قدیم تہذیبوں اور قدرتی عجائبات کے لازوال حسن کا تجربہ کریں اور مزیدار پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہوں۔
پاکستان، وادی سندھ کی تہذیب اور گندھارا تہذیب جیسی بہت سی قدیم تہذیبوں کا مسکن رہا ہے۔ ہمارے ہاں نہایت متحرک اور پرعزم لوگ ہیں جو دوستانہ اور مہمان نوازمزاج رکھتے ہیں۔ سفیر نے کہا کہ پاکستانی عوام کی مہمان نوازی کا تجربہ کرنے کے لیے آپ کو پاکستان ضرور جانا چاہیے۔
دس فار ڈپلومیٹس اور سفارت خانہ پاکستان کے درمیان تعلقات کو نقظہ آغاز قرار دیتے ہوئے سفیر مسعود خان نے پاکستان کی ثقافت کے جشن میں بھرپور شمولیت پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ جس کی بدولت روابط کو فروغ دینے اور متنوع ثقافتوں کو منانے کے لیےسازگار موقع میسر آیا ۔
سفارت کاروں کے لیےاس موقع پر دس فار ڈپلومیٹس کی صدر محترمہ پیگی لیٹر نے سفیر مسعود خان کا سفارت خانے میں مدعو کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جس میں پاکستان کی متحرک ثقافت کی نمائش کی گئی، یہ تجربہ سب کے لیے انمول خزانہ ثابت ہوگا۔
دس فار ڈپلومیٹس نے اپنے آفیشل ایکس (ٹوئٹر) ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں سفیر مسعود خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔