بھارتی انتخابات کے موقع پر اقلیتوں مسلمانوں کو امتیازی سلوک، نفرت انگیزتقاریر کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک کا انسانی حقوق کونسل کے 55ویں اجلاس سے خطاب
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے بھارت میں آنے والے پارلیمانی انتخابات کے موقع پر اقلیتوں بالخصوص، مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک، نفرت انگیزتقاریر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 55ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وولکر ترک نے کہا کہ میں بھارت میں بڑھتی ہوئی پابندیوں سے انسانی حقوق کے محافظوں، صحافیوں اور سمجھے جانے والے ناقدین کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ نفرت انگیز تقریر اور اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک سے، فکر مند ہوں۔ انتخابات سے پہلے کے تناظر میں یہ خاص طور پر اہم ہے کہ یقینی بنایا جائے کہ ہر کسی کی انتخابات میں بامعنی شرکت ہو اور ہر کسی کا احترام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کی مالیاتی اسکیموں کے بارے میں گزشتہ ماہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں، جس میں معلومات کے حق اور شفافیت کو برقرار رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے بھارت میں، 960 ملین افراد کے ووٹر کے ساتھ، آنے والے انتخابات منفرد ہوں گے۔ میں ملک کی سیکولر اور جمہوری روایات اور اس کے عظیم تنوع کی تعریف کرتا ہوں۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک کے تبصرے پر بھارتی مندوب نے کہا کہ ہم نے اپنے آنے والے عام انتخابات کے بارے میں ان کے تبصروں کو نوٹ کیا ہے۔ تاہم، اس سلسلے میں ان کے خدشات بلاجواز ہیں اور یہ تبصرے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی حقیقت کی عکاسی نہیں کرتے۔