بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

توشہ خانہ کیس، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو 14، 14 سال قید بامشقت

توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 14،14 سال قید بامشقت کی سزاسنادی گئی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں کیس کی  سماعت کرتے ہوئے  بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو چودہ ، چودہ سال قید بامشقت اور 787 ملین روپے جرمانے  کی سزا سنائی ۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ  کو 10 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دے دیا۔جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ آپ نے اپنا 342 کا بیان جمع کرایا ہے، بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ میں نے بیان تیار کر لیا ہے، اپنے وکلاء کے آنے پر بیان جمع کراؤں گا۔

بانی پی ٹی آئی نے سزا سنائے جانے کے بعد جج سے کہا کہ آپ کو اتنی جلدی کیوں ہے؟ میرا بیان میرے کمرے میں ہے ، مجھے تو صرف حاضری کے لیے بلایا گیا تھا۔بانی پی ٹی آئی کمرہ عدالت سے واپس چلے گئے، جیل حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کمرہ عدالت میں واپس آنے کے لیے تیار نہیں۔

سماعت کے موقع پر بشرٰی بی بی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی  کو سائفر کیس میں بھی 10 سال قید با مشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔

مزید پڑھیے  پاکستان اور انڈونیشیا نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Back to top button