غزہ میں جنگ بندی ختم، اسرائیلی فوج کا آپریشن شروع، 52 نہتے فلسطینی شہید
اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جاری 7 روزہ جنگ بندی بغیر کسی توسیع کے ختم ہوگئی ، اسرائیلی فوج نے حماس پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگا کر ایک بار پھر غزہ پر فوجی آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں دوبارہ فوجی آپریشن شروع کردیا ہے، غزہ میں7 روز کی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد شمالی غزہ میں دھماکے اور فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق 7 دن کی جنگ بندی ختم ہوتے ہی اسرائیلی فوج بزدلانہ حملوں میں تیزی لے آئی ، صیہونی فوج کی جانب سے رفح ،غزہ سٹی، خان یونس، جبالیہ اور شجائیہ کے اطراف بمباری میں 52 نہتے فلسطینی شہید ہو گئے۔فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں حملہ کیا ہے ، اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ حماس نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور اسرائیلی علاقے کی جانب فائر کیا۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی جاسوس طیاروں نے نچلی پروازیں بھی کی ہیں اور شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں گھر کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر نے غزہ جنگ میں اپنے اہداف حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتامر بین گویر نے کہا کہ فوج کو اپنی پوری طاقت کے ساتھ غزہ واپس لوٹنا چاہیے۔
انہوں نے پٹی میں واپس جانے اور بنا سمجھوتے، بنا معاہدے کے حماس کو تباہ کرنے کے ارادہ کا بھی اظہار کیا۔یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کا آغاز 24 نومبر سے ہوا تھا جس میں تین مرتبہ توسیع ہوئی اور آج جمعہ کی صبح جنگ بندی کا وقت ختم ہوگیا جس میں کوئی توسیع نہیں کی گئی۔
سربراہ اقوام متحدہ نے غزہ میں فوجی کارروائیوں کے دوبارہ آغاز پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ کی جانب سےجاری بیان میں غزہ میں جنگ بندی میں توسیع سے متعلق کسی فیصلے پر نہ پہنچنے اور جنگ بندی کے فوری بعد غزہ پر اسرائیلی جارحیت پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
قبل ازیں جمعرات کو وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی تھی کہ وہ قطر اور مصر کے ساتھ مل کر حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی میں توسیع کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
جنگ بندی کے آخری روز حماس نے مزید 8 اسرائیلیوں کو رہا کیا جس کے بدلے میں اسرائیلی جیل سے مزید30 فلسطینی قیدی رہا کیے گئے تھے ۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد زخمی ہیں۔فلسطینی وزارت صحت کاکہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت سے کھنڈر بنی عمارتوں کے ملبے تلے 65 سو فلسطینی بچے دبے ہوئے ہیں ۔