بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیر اعلیٰ کا ٰسموگ پر قابو پانے کے لئے اعلیٰ اختیاراتی انوائر مینٹل کمیشن کے قیام کا فیصلہ

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ سموگ سے نمٹنا قومی ذمہ داری ہے، ہر طبقے کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہو گا اور سموگ پر قابو پانے کے لئے اعلیٰ اختیاراتی انوائر مینٹل کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سموگ سے نمٹنے کے لئے ہر وہ اقدام اٹھا رہی ہے جو انسانی بس میں ممکن ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ ماسک پہنیں، لاہور میں 12 مقامات پر سموگ ایئر فلٹر آئیونائزر یونٹس لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مصنوعی بارش برسانے کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کر لی ہیں، بیجنگ میں سموگ کا خاتمہ کرنے والی چینی ماہرین کی ٹیم جلد لاہور کا دورہ کرے گی، پنجاب حکومت کی ایک اور خصوصی ٹیکنیکل ٹیم بدھ کو الماتا روانہ ہو گی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 30 دن میں چنگ چی رکشوں کی فری رجسٹریشن کی جائے گی اور پھر غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہو گا، سرکاری سطح پر فیول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگائی جا رہی ہے، اب الیکٹرک بائیک ہی خریدی جائیں گی۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار انوائرمینٹل لیب قائم کی جائے گی، لاہور سمیت تمام اضلاع میں غیر معیاری فیول کی چیکنگ تیز کر دی ہے، محکمہ پولیس اور ٹرانسپورٹ کو غیر معیاری پٹرول فروخت کرنے والے پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں 10 فیصد فصلوں کی باقیات کو جلایا جاتا ہے جبکہ بھارت 90 فیصد فصلوں کی باقیات جلاتا ہے، کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لئے جدید مشینری دیں گے تاکہ آئندہ سالوں میں ہم ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہ سکیں

مزید پڑھیے  اب سی پیک پر کام کی رفتار تیز کریں گے، چین
Back to top button