چین اور امریکہ کے درمیان زرعی تعاون مضبوط اور دیرپا ہے:سی ای او امریکن سویا بین ایکسپورٹ کونسل
امریکہ کی سویا بین ایکسپورٹ کونسل(یو ایس ایس ای سی) کے سی ای اوجم سوٹر نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ کے درمیان مضبوط زرعی تعاون موجود ہے اورچائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) طویل مدتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے ذرائع میں سے ایک ہے۔شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے سوٹرنے کہا کہ سی آئی آئی ای ہمارے لیے یو ایس سویا کی نمائش اور ہمارے کسانوں اور ہمارے برآمد کنندگان کے کام کو پیش کرنےکا ایک بہترین موقع ہے اس سے ہمیں امریکی سویا کی خریدار چینی کمپنیوں کے ساتھ ملاقات کا موقع ملتا ہے۔
انہوں نےبتایا کہ ہمارا ادارہ 1982 سے چین کے ساتھ کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ کے درمیان خاص طور پر زراعت میں بہت مضبوط تعلقات ہیں۔ ہم امریکی زراعت کے چینی صارفین کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کرنے کے لیے آئے ہیں تاکہ انہیں بتایا جائے کہ ہم اس کاروبار کی تعریف کرتے ہیں اور اس کو مضبوط کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نےبتایا کہ چین امریکہ کی زرعی مصنوعات کا مسلسل ایک بڑا خریدار ہے اور یو ایس ایس ای سی کی کئی رکن کمپنیوں نے طویل عرصے سے چینی مارکیٹ میں اپنے تعاون کو برقرار رکھا ہے۔