آئی سی سی ورلڈ کپ، قومی کرکٹ ٹیم کو تاحال بھارتی ویزے نہ مل سکے
کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کو اب تک بھارتی ویزے جاری نہ ہوسکے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ اسکواڈ کے ویزے تاخیرکا شکار ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ ویزے کے اجرا کے حوالے سے پریشان ہے۔ذرائع نے بتایاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نےانٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو مسئلے سے متعلق آگاہ کردیا، معاہدے کے مطابق بروقت ویزے جاری کرنے کا کہا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسکواڈ اور فینز کے ویزوں کے حوالے سے نہیں بتایا گیا، پی سی بی ایک ہفتے سے بھارتی ہائی کمیشن سے رابطے میں ہے، ایک ہفتے سے ویزوں کے جلد اجرا کے حوالے سے کہا گیا لیکن ہفتے کے آخری روز بھی ویزوں کا اجرا نہ ہو سکا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی اسکواڈ نے 26 ستمبر کو براستہ دبئی بھارت روانہ ہونا ہے اورپاکستان کا پہلا وارم اپ 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ سے شیڈولڈ ہے۔
خیال رہے کہ کرکٹ ورلڈکپ کیلئے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، بابراعظم کپتان اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کی وجہ سے قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں جب کہ ان کی جگہ حسن علی کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، حارث رؤف، افتخار احمد، شاہین آفریدی، محمد رضوان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، حسن علی، سعود شکیل، سلمان آغا اور اسامہ میر شامل ہیں۔اس کے علاوہ ورلڈکپ کے لیے تین کھلاڑیوں کو ریزرو میں رکھا گیا ہے جن میں محمد حارث، ابرار احمد اور زمان خان شامل ہیں۔