بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

صدارتی انتخابی نتائج بدلنے کا مقدمہ، ٹرمپ نے بے قصور ہونے کی درخواست جمع کرا دی

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 کے صدارتی انتخابی نتائج بدلنے کے مقدمے میں جارجیا کی عدالت میں بے قصور ہونے کی درخواست جمع کرادی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ اگلے ہفتے فلٹن کاؤنٹی کورٹ میں الزامات کا سامنا کرنے ذاتی طور پر پیش نہیں ہوں گے۔

فلٹن کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی نے ٹرمپ پر دھوکا دہی سمیت 13 سنگین جرائم کے الزام عائد کیے ہیں، ٹرمپ پر الیکشن فراڈ، بزنس فراڈ سمیت مختلف مقدمات میں اب تک 4 فرد جرم عائد ہوچکی ہیں۔ٹرمپ نے اپنے خلاف مقدمات کو سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔

گزشتہ روز ایک انٹرویو میں جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ 2016 کی صدارتی دوڑ میں اُنہوں نے اپنی حریف ہلیری کلنٹن کو جیل میں ڈالنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ڈالا نہیں تو کیا اب اُنہیں ایسا نہ کرنے پر افسوس ہے؟

جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر میں دوبارہ صدر بن کر وائٹ ہاؤس میں واپس آیا تو اپنے سیاسی دشمنوں کے ساتھ وہی کروں گا جو میرے ساتھ کیا جا رہا ہے کیوں کہ اب ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں ہے کیونکہ ہمارے ساتھ بھی ایسا ہی ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ڈونلڈ ٹرمپ کی 2020 کے صدارتی الیکشن میں مداخلت سے متعلق کیس میں باقاعدہ گرفتاری اور پھر رہائی ہوئی تھی۔

2020 کے الیکشن مداخلت کیس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو فُلٹن کاؤنٹی جیل میں پیش کیا تھا۔ امریکی تاریخ میں پہلی بارسابق صدرکی قیدیوں والی تصویر بھی جاری کی گئی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ فرد جرم عائد ہونے کے بعد ہتھیار ڈالنےکی مہلت ختم ہونے سے ایک روز پہلے ہی پیش ہوئے تھے۔تاہم ٹرمپ فلٹن کاؤنٹی جیل میں پیش ہونے کے بعد 2 لاکھ ڈالرکی ضمانت کرواتے ہوئے واپس اپنے قافلے کے ساتھ روانہ ہوگئے تھے۔

اشتہار
Back to top button