ٹوئٹر پر جلد آڈیو ، ویڈیو کالز کا فیچر پیش کیا جائیگا، ایلون مسک کی تصدیق
اسٹریمنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے تصدیق کی ہے کہ جلد ہی پلیٹ فارم پر آڈیو اور ویڈیو کالز کے فیچر کو پیش کیا جائے گا۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ ٹوئٹر پر فیس بک، انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ اور واٹس ایپ جیسا فیچر پیش کیا جائے گا۔
گزشتہ ڈیڑھ دہائی کے دوران ٹوئٹر پر آڈیو یا ویڈیو کال فیچر کو پیش نہیں کیا گیا تھا، تاہم ایلون مسک کی جانب سے اسے خریدے جانے کے بعد اس میں متعدد تبدیلیاں کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
ابتدائی طور پر مئی 2023 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ٹوئٹر پر ویڈیو اور آڈیو کالز کے فیچر کو پیش کیا جائے گا اور اب ایلون مسک نے اس کی تصدیق کردی۔
ایلون مسک نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ جلد ہی ٹوئٹر پر آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے لکھا کہ بیک وقت ایپلی کیشن سمیت ویب ورژن پر بھی مذکورہ فیچر کو پیش کیا جائے گا، یعنی ایںڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین سمیت لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر پر ٹوئٹر استعمال کرنے والے افراد بھی وڈیو اور آڈیو کالز کر سکیں گے۔
تاہم موبائل کے علاوہ کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ استعمال کرنے والے صارفین کو مذکورہ فیچر استعمال کرنے کے لیے ہیڈ فون سمیت دیگر آلات کی ضرورت پڑے گی۔
ایلون مسک نے یہ تصدیق بھی کی کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کے فیچر کے لیے موبائل نمبر کی ضرورت نہیں پڑے گی، یعنی مذکورہ فیچر بلکل فیس بک میسینجر کے آڈیو اور ویڈیو کال فیچر کی طرح کام کرے گا۔
مذکورہ فیچر کے علاوہ مستقبل میں ٹوئٹر پر پیمنٹ فیچر بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ ٹوئٹر پر پیمنٹ فیچر کب تک پیش کیا جائے گا۔
امکان ہے کہ پیمنٹ کے فیچر کو پیش کرنے میں ایک سال سے زائد کا وقت لگ سکتا ہے۔
ایلون مسک کی جانب سے اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کا انتظام سنبھالے جانے کے بعد پلیٹ فارم پر کئی تبدیلیاں کی جا چکی ہیں اور اس میں مزید تبدیلیاں کرنے کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔
ایلون مسک نے تقریبا 45 ارب ڈالر میں ٹوئٹر کو خریدا تھا، جس کے بعد انہوں نے تصدیق شدہ اکاؤنٹس پر مفت بلیو ٹک فراہم کرنے کے فیچر کو ختم کرکے اسے ماہانہ فیس کے عوض فراہم کرنا شروع کردیا تھا۔