بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عمران خان کو زمان پارک سے گرفتار کرلیا گیا

توشہ خانہ کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی جانب سے 3 سال قید کی سزا اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیے جانے کے بعد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔

’رپورٹ  کے مطابق پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو زمان پارک میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی پنجاب کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی جانے والی ایک ٹوئٹ میں ان خبروں کی تصدیق کی گئی کہ عمران خان کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس ناقابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید کی سزا سنادی تھی اور ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔

توشہ خانہ کارروائی کیس کی سماعت 3 مرتبہ وقفے کے بعد شروع ہوئی، عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ ملزم کے خلاف جرم ثابت ہوتا ہے، ملزم نے الیکشن کمیشن میں جھوٹی تفصیلات جمع کرائیں، ملزم کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب پائے گئے ہیں، ملزم نے جان بوجھ کر الیکشن کمیشن میں جھوٹی تفصیلات دیں۔

جج ہمایوں دلاور نے فیصلہ سنایا کہ ملزم کو الیکشن ایکٹ کی سیکشن 174 کے تحت 3 سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی جاتی ہے، ملزم آج عدالت میں پیش نہیں ہیں، فیصلے کی کاپی آئی جی اسلام آباد کو عملدرآمد کے لیے بھجوائی جائے۔

مزید پڑھیے  سعد رضوی کی حراست میں ایک ماہ کی توسیع
Back to top button