بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سی پیک کی 10 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کیلئے چینی نائب وزیراعظم آج پاکستان پہنچیں گے

چین کے نائب وزیر اعظم اور کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن ہی لیفینگ آج پاکستان کے دورے پر پہنچ رہے ہیں اور اس دوران وہ پاک-چین اقتصادی راہداری کے 10 سال مکمل ہونے پر ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت پاکستان کی دعوت پر چین کے نائب وزیر اعظم 30 جولائی سے یکم اگست 2023 تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ دورے میں نائب وزیراعظم پاک۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے اور صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، وہ اس سلسلے میں تقریب میں مہمان خصوصی بھی ہوں گے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم ہی لیفینگ نے چین کے بین الاقوامی اقتصادی تعلقات اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے نفاذ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جن میں سے سی پیک ایک اہم منصوبہ ہے۔

مزید بتایا گیا کہ نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن 23-2017 کے چیئرمین کے حیثیت سے انہوں نے پاکستان میں سی پیک کے متعدد پروجیکٹس کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد میں اہم کردار ادا کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان باقاعدہ اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور مذاکرات کا حصہ ہے، یہ پاکستان اور چین کی طرف سے آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنے کے لیے منسلک اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کے مسائل پر حمایت کی توثیق میں اقتصادی اور مالی تعاون کو بڑھانا سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنا شامل ہے۔

مزید پڑھیے  دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کیساتھ ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں، ایران

خیال رہے کہ رواں برس جولائی میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے سی پیک کی 10 سالہ تقریبات کے سلسلے میں چین کا چار روزہ سرکاری دورہ کیا تھا۔

Back to top button