
پاکستان جامع معاشی اصلاحاتی ایجنڈے پر تیزی سے عمل پیرا ہے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار معاشی استحکام کے حصول کے لیے ایک جامع، کثیرالجہتی اور ملکی ضروریات کے مطابق تیار کردہ معاشی اصلاحاتی پروگرام پر بھرپور انداز میں کام کر رہا ہے۔
وہ یہ بات عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہہ رہے تھے۔
وزیراعظم نے لچکدار انفراسٹرکچر، زرعی کاروبار، ڈیجیٹل ترقی، توانائی، انسانی وسائل کی ترقی، مالیاتی اصلاحات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے نجی سرمایہ کاری کے فروغ میں عالمی بینک گروپ کی مسلسل معاونت کو سراہا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم اور عالمی بینک گروپ کے صدر نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) سے ہم آہنگ ترجیحات پر تیز رفتار عمل درآمد اور مؤثر نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔ ان اقدامات سے ترقیاتی منصوبوں میں درپیش رکاوٹوں کے خاتمے سے متعلق وزیراعظم کے اقدامات کو تقویت ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ساختی اصلاحات کے ذریعے روزگار پر مبنی معاشی ترقی کو فروغ دے گی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنائے گی۔
عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا نے حکومت پاکستان کی جاری اصلاحاتی کوششوں کو سراہتے ہوئے ’’ون ورلڈ بینک گروپ‘‘ کے تحت تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔















