بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون جاں بحق

کراچی کے علاقے کیماڑی میں شدید گرمی کے دوران کے پی ٹی گراؤنڈ کے قریب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 12خاتون بے ہوش اور زخمی جبکہ ایک جاں بحق ہو گئی۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نےتصدیق کی ہے کہ ایک خاتون کی موت واقع ہو گئی ہے۔

تھانہ جیکسن کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) بابر حمید نے بتایا کہ کے پی ٹی گرائونڈ میں نقد رقم وصول کرنے کے لیے بڑا مجمع جمع ہوا، جب خواتین اندر داخل ہوئیں تو دروازے کا لاک ٹوٹ گیا یا کھل گیا، جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ تقریباً 13-12 خواتین زخمی اور بے ہوش ہو گئیں، جنہیں سول ہسپتال منتقل کیا گیا، ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

ایس ایچ او نے افسوس کا اظہار کیا کہ پورے کیماڑی ڈسٹرکٹ میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا صرف ایک تقسیمی مرکز ہے جہاں نہ صرف مچھر کالونی، مشرف کالونی بلکہ کھارادر اور میٹھادر سے بھی خواتین نقد رقم وصول کرنے آتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تقریباً 2 سے 3 ہزار خواتین جمع ہوئی تھیں، ایس پی بلدیہ ٹاؤن اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی تھی، اب صورتحال نارمل ہے۔

ریڈیو پاکستان نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ رقم دینے کا عمل بدھ تک جاری رہے گا، جو عیدالضحیٰ کے بعد 3 جولائی کو دوبارہ شروع ہوگا۔

مزید پڑھیے  ماضی میں سڑکوں کی تعمیر میں کرپشن کی گئی،وزیراعظم عمران خان
Back to top button