بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم شہباز شریف کی فرانسیسی صدر سے ملاقات، مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فرانس کے شہر پیرس میں منعقد ہونے والے نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ کے موقع پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ بلانے پر صدر میکرون کو سراہا۔ انہوں نے فرانس کے صدر کو سربراہی اجلاس میں مدعو کرنے اور گرمجوشی سے مہمان نوازی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مالیاتی انصاف پر مبنی نظام کی جانب فرانسیسی صدر کے جرات مندانہ قدم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو وسائل کی عدم دستیابی، قرضوں کی ادائیگی کے لیے سود کے بوجھ اور سست ترقی کے مسائل کا سامنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے تحت مقروض ترقی پذیر ممالک کی مدد وقت کی ضرورت ہے تاکہ ان ممالک کے عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات نے پہلے سے ہی پریشان حال ترقی پذیر ممالک کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

شہباز شریف نے فرانسیسی صدر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک اہم معاملے پر عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے کی اہم کوشش کی۔

اس موقع پر فرانسیسی صدر نے نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔

مزید پڑھیے  پاکستان میں منظم دہشت گردی کا ڈھانچہ باقی نہیں رہا،عسکری قیادت کی قومی سلامتی کمیٹی کو بریفنگ
Back to top button