شدید گرمی سے کیسے بچا جائے؟
گرمی کا موسم کئی لوگوں کو ناگوار گزرتا ہے، کیونکہ اس موسم میں پسینہ، کڑکتی ہوئی دھوپ میں باہر نکلنے سے بھی لوگ گریز کرتے ہیں، لیکن دفتر جانے والے افراد کو مجبوراً باہر نکلنا پڑتا ہے۔
اس موسم میں پانی کا استعمال بڑھ جاتا ہے، تیز مرچوں والی غذائیں اور گرم اشیا کم کھاتے ہیں، زیادہ تر ٹھنڈے مشروب اور ٹھنڈی غذاؤں کا استعمال کیا جاتا ہے۔
تاہم صحت کے ساتھ ساتھ جلد کا خیال رکھنا بھی بہت ضروری ہے، ہماری جلد جسم کا سب سے بڑا حصہ ہے، سورج کی شعاعیں جلد پر مسلسل متاثر رہتی ہے، اور سورج سے خارج ہونے والی الٹرا وائلٹ شعاعیں ہماری جلد کی ظاہری شکل کو بگاڑ سکتی ہے۔
اگرچہ سورج کی شعاعیں ہمیں صحت کے لیے مفید بھی ہیں لیکن الٹراوائلٹ شعاعیں جب ضرورت سے زیادہ جسم میں داخل ہوجائیں تو نقصان دہ ہے۔
تپتی ہوئی دھوپ میں زیادہ دیر رہنے سے آپ کی جلد سَن برن کا شکار ہوسکتی ہے، سَن برن کا مطلب ہے کہ جلد پر لال دھبے پڑجانا اور سوجن ہوجانا، بعض صورتوں میں یہ تکلیف دہ بھی ہوسکتا ہے۔
تو سوال یہ ہے کہ اس تیز دھوپ میں اپنی صحت کے ساتھ ساتھ جلد کا خیال کیسے رکھیں؟
سَن اسکرین کا استعمال کریں:
30 یا اس سے اوپر کے ایس پی ایف (سن پروٹیکشن فیکٹر) کے ساتھ سَن اسکرین کریم کا استعمال کریں، سن اسکرین نہ صرف آپ کو سورج کی خطرناک الٹرا وائلٹ (UV) شعاعوں سے بچاتی ہے بلکہ جلد کو کینسر جیسی خطرناک بیماری سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔
گھر سے باہر جانے سے قبل اسے اپنی گردن، ہاتھ، بازو، پیر، گردن اور چہرے پر لگائیں۔
سیاہ چشموں کا استعمال:
دھوپ سے بچنے کے لیے آپ سیاہ چشموں کا بھی استعمال کرسکتے ہیں، اس طرح آپ اپنی آنکھوں کو سورج کی شعاعوں سے بچا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ اگر دھوپ سے بچنا چاہتے ہیں تو کیپ کا استعمال کریں، یا چھتری بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
صبح 10 بجے سے 3 بجے تک کوشش کریں کہ گھر سے باہر نہ نکلیں کیونکہ ان اوقات کے دوران سورج کی شدت تیز ہوجاتی ہے۔
پانی زیادہ پیئیں
ایک بوتل میں پانی ڈال کر اس میں کٹے ہوئے کھیرے اور دھنیا یا پودینا بھی ڈال سکتے ہیں، یا پھر لیموں کے ٹکڑے بھی ڈال سکتے ہیں۔
ایسا کرنے سے آپ دن بھر تروتازہ رہیں گے۔
جلد کو موئسچرائز کریں:
دن بھر گھر سے باہر رہنے سے پسینہ اور دھول مٹی سے جلد خراب ہوجاتی ہے، اس لیے ہفتے میں دو یا تین بار جلد کی کلینزنگ کریں۔
ایسا کرنے سے جلد میں موجود خراب کیمیکل اور دھول مٹی دور ہوجائے گی۔
ٹھنڈے پانی سے نہائیں
اپنے جسم کے درجہ حرارت کو کم کرنے اور اپنی جلد کو سکون دینے کے لیے ٹھنڈے پانی سے نہائیں۔
گرم پانی سے نہانے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے آپ کی جلد خشک ہوسکتی ہے۔