بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

دنیا کو متحد کرنے کے بجائے بڑی طاقتیں سیاسی بالادستی کی دوڑ میں لگی ہیں، حنا ربانی کھر

 وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ دنیا کو متحد کرنے کے بجائے بڑی طاقتیں سیاسی بالادستی کی دوڑ میں لگی ہیں۔وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی نے دورہ سویڈن کے دوران سٹاک ہوم میں یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات کے سالانہ اجلاس سے خطاب کیا، وزیر مملکت کے خطاب کا محور و موضوع “آئندہ ورلڈ آرڈر کیسا ہو سکتا ہے؟” تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حنا ربانی نے جامع اور نمائندہ عالمی نظام کے لیے ترقی پذیر ممالک کے تصفیہ طلب تنازعات کے حل پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی لبرل آرڈر میں تناؤ کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے، تناؤ کی وجہ توقعات پر پورا نہ اترنا اور اصولوں کے منتخب اطلاق پر عدم اعتماد کا بڑھنا ہے۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ بین الاقوامی لبرل آرڈر میں تناؤ کی ایک اور بڑی وجہ بڑی طاقتوں کے مابین مقابلے کا دوبارہ ابھرنا ہے، افسوس آج جب دنیا کو چیلنجز کے مقابلے میں متحد ہونا ہے تو بڑی طاقتوں کے مقابلے کے باعث وہ منقسم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج عالمی برادری کو دیرپا ترقیاتی اہداف کے حصول، موسمیاتی بحران، وبائی امراض سے تحفظ کے لیے متحد ہونا ہے، ترقی پذیر ممالک بڑی طاقتوں کے باہمی مقابلے سے خطرہ محسوس کر رہے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ مشترکہ خطرات سے نمٹنے اور دنیا کو متحد کرنے کے بجائے بڑی طاقتیں سیاسی بالادستی کی دوڑ میں لگی ہیں، بڑی طاقتیں سب کو یکجا کرنے کے بجائے، دنیا کو “ہم” اور “ان” میں تقسیم کرنے میں مصروف ہیں۔

مزید پڑھیے  سپریم کورٹ بار کونسل کا 14 ستمبر کو ہڑتال کا اعلان

حنا ربانی کھر نے کہا کہ سیاسی بالادستی کے بجائے عالمی برادری کو درپیش مشترکہ مسائل کا حل تلاش کرنا ہو گا۔

Back to top button