"ایک شام دانیال زمان کے نام” کے عنوان سے ایک شعری نشست
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) رموز تنظیم برائے فنون و ادب ضلع خوشاب کے زیرِ اہتمام تنظیم کے ممبر اور ضلع خوشاب کے نمائندہ نوجوان شاعر دانیال زمان کے جنم دن کی مناسبت سے "ایک شام دانیال زمان کے نام” کے عنوان سے ایک شعری نشست و تقریبِ سالگرہ کا انعقاد سرور شہید لائبریری جوہرآباد میں کیا گیا۔ نشست کی صدارت معروف شاعر ڈاکٹر بدر منیر نے کی جب کہ مہمانِ خصوصی صاحبِ شام دانیال زمان تھے۔ نظامت کے فرائض کاشف واصفی نے بطریق احسن سرانجام دئیے۔ تلاوتِ کلام پاک کے بعد رمیض نقوی نے نعتیہ اشعار پیش کیے۔ شعری نشست کا آغاز محمد علی زُہیر نے متفرق اشعار پڑھ کے کیا۔ اس موقع پر صدرِ مشاعرہ ڈاکٹر بدر منیر اور صاحبِ شام دانیال زمان کے علاوہ ممتاز شاعر محمد حسین ملک، پروفیسر محمد علی راجہ، گل جہان، راجہ غلام اصغر طاہر، عدیل عباس عادل، سید رمیض نقوی، کاشف واصفی، محمد حمزہ جنجوعہ اور حافظ اسد محمود نے اپنا اپنا کلام پیش کیا۔ شعری نشست کے بعد نوجوان گائیک عظیم سہیل نے سُر سٙنگیت کے رنگ بکھیرے۔ تقریب کے اختتام پر سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ صاحبِ صدر اور شرکاِ محفل نے رموزتنظیم کی فروغِ ادب کے لیے جاری کاوشوں کو سراہتے ہوئے جملہ ممبران کو ضلع خوشاب کا قابلِ فخر چہرہ قرار دیا۔