جماعت اسلامی ضلع خوشاب کے زیراہتمام عید ملن پارٹی کا اہتمام، لیاقت بلوچ کی خصوصی شرکت
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) جماعت اسلامی ضلع خوشاب کے زیراہتمام مقامی میرج ہال میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع خوشاب کی نامور سیاسی و سماجی شخصیات ، تاجر و صحافی برادری سمیت نوجوانوں کے بڑی تعداد شریک ہوئی۔
لیاقت بلوچ کا شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت سیاسی بحران کا شکار ہے۔ جماعت اسلامی ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کےلیے بھرپورکوشاں ہے۔ جماعت اسلامی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنے نشان اور اپنے نام کے ساتھ آئندہ الیکشن میں اتریں گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دیانت دار قیادت اور پاکستان کی ترقی کا روڈ میپ موجود ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پورے پنجاب میں ترازو کے نشان پر ہمارے نامزد امیدواران الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، ضلع خوشاب سے ڈاکٹر ضیاءاللہ، چوہدری ناصر گجر، ملک محمد وارث جسرا کو ٹکٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں یہ توقع ہے کہ لوگ اب آزمائے ہوئے چہروں کو دوبارہ آزمانے کی بجائے اب ہماری قیادت پر اعتماد کریں گئے، اور ہم ہی اس ملک کو ایک اسلامی و خوشحال پاکستان بنا سکتے ہیں، ایک صحافی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ڈائیلاگ کرنا ہو گا،اور موجودہ حالات میں ایک ہی دن قومی و صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن کا انعقاد ناگزیر ہو چکا ہے۔
تقریب کے دوران متعدد افراد جماعت اسلامی میں شامل ہو گئے، جن میں ملک غلام اصغر دھول،افتخار حسین ورک،محمد عمران سوہارہ،یاسر شہزاد اورحاشر شفقت اللہ سمیت دیگر افراد تھے۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع خوشاب و نامزد امیدوار پی پی 84 ملک محمد وارث جسرا،نامزد امیدوار پی پی 82 ڈاکٹر ضیاءاللہ، نامزدامیدوار پی پی 83 چوہدری ناصر گجر، سیکرٹری ضلع عبدالوہاب، سیکرٹری سیاسی کونسل حافظ تنویر حسین، ڈاکٹر ادریس، حافظ فداءالرحمان، چوہدری عبدالروف اور دیگر مقامی قائدین بھی موجود تھے۔