بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

طلبا میں انٹرپرنیورشپ کو فروغ دینے میں ہرممکن تعاون کریں گے۔ احسن بختاوری

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے میٹروپولیٹن انٹرنیشنل یونیورسٹی کالج اور روٹس انٹرنیشنل سکول سسٹم کے ساتھ اپنے ممبران کے لیے ڈسکاؤنٹ کی تجدید کرنے اور انڈسٹری اکیڈیمیا روابط کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔اس سلسلے میں چیمبر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کی موجودگی میں چیمبر کی ایم او یو کمیٹی کے کنوینر عبدالرحمٰن صدیقی اورمیٹروپولیٹن انٹرنیشنل یونیورسٹی کالج اور روٹس انٹرنیشنل سکول سسٹم کے چیف ایگزیکٹو ولید مشتاق نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
مفاہمت کی یادداشت کا اہم مقصد انڈسٹری اکیڈیمیا روابط کو مضبوط کرنا، طلبا کو انٹرپرنیورشپ کی طرف راغب کرنا اور صنعتی و کاروباری شعبے کی ضرورت کے مطابق طلبا کر تیار کرنا ہے۔ یادداشت کے تحت دونوں اداروں نے صنعتی شعبے اور طلبا کے فائدے کیلئے باہمی تعاون کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ میٹروپولیٹن انٹرنیشنل یونیورسٹی کالج اور روٹس انٹرنیشنل سکول سسٹم چیمبر کے ممبران اور ملازمین کے بچوں کو داخلہ فیس، ٹیو شن فیس اور سیکیورٹی فیس میں مناسب ڈسکاؤنٹ دیں گے۔ چیمبر میٹروپولیٹن انٹرنیشنل یونیورسٹی کالج اور روٹس انٹرنیشنل سکول سسٹم کے طلبا میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے میں تعاون کرے گا، انڈسٹری اور اکیڈمیا کے فائدے کیلئے ریسرچ منصوبوں میں طلبا کی معاونت کرے گا اور طلبا کی تربیت و سکلز ڈویلپمنٹ میں بھی مدد کرے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کیا جائے تا کہ وہ تعلیم مکمل کرنے نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے اپنا کارووبار شروع کریں اور دوسروں کیلئے روزگار پیدا کریں جس سے ملک پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر طلبا میں بزنس پلانز مقابلے کرانے اور اور قابل عمل بزنس آئیڈیاز پیش کرنے والے طلبا کو سرمایہ کاروں سے ملانے میں بھی تعاون کرے گا تا کہ طلبا اپنے بزنس آئیڈیاز کو پراڈیکٹس اور برانڈز میں تبدیل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن انٹرنیشنل یونیورسٹی کالج اور روٹس انٹرنیشنل سکول سسٹم طلبا کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کر کے پڑھا لکھا معاشرہ فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مفاہمت کی یادداشت کی تجدید سے چیمبرکے ممبران و ملازمین اور طلبا کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔
میٹروپولیٹن انٹرنیشنل یونیورسٹی کالج اور روٹس انٹرنیشنل سکول سسٹم کے چیف ایگزیکٹیو ولید مشتاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کا تعلیمی نظام نوجوانوں کی بہتر تعلیم و تربیت فراہم کر کے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روٹس انٹرنیشنل سکول سسٹم کا آغاز اپریل 1988میں کیا گیا تھا اور اب یہ ملک کا تیسرا سب سے بڑا تعلیمی نظام بن چکا ہے جس کے ملک بھر میں پچاس کیمپس قائم ہیں جن میں 10ہزار سے زائد طلبا زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ اب ایک گلوبل ایجوکیشن سسٹم کے طو رپر ترقی کرنا چاہتا ہے تا کہ پاکستان کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک میں بھی نوجوانوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیمبر کے ساتھ مل کر اکیڈیما انڈسٹری روابط کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں تا کہ ان کے تعلیمی نظام سے فارغ ہونے والے طلبا صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے طلبا کو جدید خطوط پر تیار کرنے کیلئے روٹس انٹرنیشنل سکولز سسٹم کی کاشوں کو سراہا اور کہا کہ چیمبر طلبا کے بزنس آئیڈیاز کی کمرشلائزیشن میں ہرممکن تعاون کرے گا۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہرالاسلام ظفر نے کہا کہ چیمبر روٹس سکول سسٹم کے تعاون سے ایک ایسی اکیڈمی قائم کرنا چاہتا ہے جو بزنس کمیونٹی کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق کاروبار کو فروغ دینے کیلئے ضروری رہنمائی فراہم کر سکے۔
یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں چیمبر اور روٹس سکول سسٹم کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

اشتہار
Back to top button