بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

آرمی چیف کے خلاف مہم ناقابل برداشت ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے فوج اور پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کے خلاف بیرون ملک مہم کو ’غلیظ‘ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور بیرون ملک پاکستانیوں سے حصہ نہ بننے کا مطالبہ کردیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’وزیر اعظم شہباز شریف نے فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف بیرون ملک غلیظ مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ آرمی چیف کے خلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کے خلاف سازش کا تسلسل ہے‘۔

بیان میں کہا گیا کہ ’بیرون ملک محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کے خلاف آواز بلند کریں، زہریلی سیاست کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے پھیلا رہے ہیں، بیرون ملک پاکستانی اس سازش کا حصہ نہ بنیں‘۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’عمران خان اداروں اور ان کے سربراہان کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں، وزیر داخلہ ملک کے اندر اداروں کے خلاف غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں افراتفری، فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، تاریخ میں پہلی بار میرٹ پر لگنے والے آرمی چیف کے خلاف مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہی ہو سکتا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور شرپسندوں کے خلاف متحد ہے‘۔

بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ’پی ٹی آئی، عمران نیازی کی ایما پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا رہی ہے، جو پرزور مذمت کے قابل ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’عمران نیازی، حکومت کے لیے بے تابی میں انتہائی پستی میں جا رہے ہیں، ملک کو نقصان پہنچانے، ہماری مسلح افواج اور اس کی قیادت کو کمزور کر رہے ہیں‘۔

وزیراعظم کے دفتر سے یہ بیان امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کی جانب سے ایک روز قبلل وائٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کے بعد آیا ہے، احتجاج میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ عمران خان کے خلاف کارروائیاں ختم کرے۔

امریکا میں احتجاج میں شامل ایک شخص کا کہنا تھا کہ ’اسٹیبلشمنٹ اپنی غلطی تسلیم کرے‘، پی ٹی آئی کے ایک اور حامی نے کہا کہ ’اب وقت آگیا ہے اسٹیبلشمنٹ سول بالادستی تسلیم کرے‘۔

Back to top button