جشن بہاراں 2023، خوشاب میں تین روزہ میلے کا انعقاد
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)جشن بہاراں 2023 کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا اور ضلعی انتظامیہ خوشاب کی طرف سے تین روز میلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جس کا آغاز 4 مارچ کو کشمیر پارک جوہرآباد میں فیملی فیسٹیول سے کیا گیا۔ خوشاب کے با ذوق عوام کے لیے پہلے ہی روز رات کو فاطمہ جناح ہال، ضلع کونسل جوہرآباد میں ایک شاندار مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ملک کے طول و عرض سے اُردو، پنجابی اور سرائیکی کے معروف شعراِ کرام سید سلمان گیلانی، عباس تابش، عمار اقبال، صابر علی صابر، عاقب ستیانوی، راکب مختار، کاظم حسین کاظم، نصرت عارفین، مرتضیٰ حسن شیرازی، صباحت عروج، حسنین اختر، عطا محمد عباسی، ڈاکٹر بدر منیر ، گل جہان اور عاجز کمال رانا سمیت دیگر نے اپنا اپنا کلام پیش۔ نظامت کے فرائض نوجوان شاعر و ادیب عدیل عباس عادل نے ادا کیا۔ انتظامیہ و اہلِ خوشاب کی طرف سرپرستِ اعلیٰ رموز تنظیم برائے فنون و ادب پروفیسر خالد جیلانی ٹوانہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔
مشاعرے سے قبل آغاز میں قومی ایوارڈ یافتہ قاری عمر دراز خان انور نے تلاوتِ کلام پاک کی جب کہ نعت پڑھنے کی سعادت مفتی وحید احمد قادری کے حصہ میں آئی۔ مشاعرے کے تمام تر انتظامات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مطاہر حیات وٹو، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب نعمان محمود رانا کی سرپرستی میں سی ای او ضلع کونسل ظفر عباس بھٹی، ریگولیشن آفیسر میڈم سندس اور اُن کی ٹیم نے رموز تنظیم کے ممبران کی معاونت سے بطور احسن سر انجام دیئے۔
مشاعرے میں ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشنان شبیر رانا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد صہیب احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مطاہر حیات وٹو، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب نعمان محمود رانا سمیت ضلعی انتظامیہ کے دیگر آفیسران، ڈاکٹرز، وکلا، اساتذہ، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافیوں اور سول کمیونٹی سے مرد و خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اہلِ خوشاب نے ضلعی انتظامیہ کی ادب دوستی کی تعریف کرتے ہوئے مشاعرے کے انعقاد کو خوش آئین قرار دیا۔