بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

اسرائیلی ریاست کو انسانیت کیخلاف جرائم پر کٹہر ے میں لایا جائے، سیکرٹری جنرل او آئی سی

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے زوردے کر کہا ہے کہ اسرائیلی ریاست کو انسانیت کیخلاف جرائم پر کٹہر ے میں لایا جائے، نام نہاد اسرائیلی ریاست کو بے لگام چھوڑنے سے اسے فلسطینیوں کیخلاف جرائم پر قائم رہنے کا موقع دیا گیا ہے۔ا نہوںنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کے فلسطینیوں کے خلاف اقدامات انسانیت کے خلاف جرائم میں شامل ہیں۔انہوں نے حال ہی میں فلسطین کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی اور اس واقعہ کی عالمی سطح پر آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا کہ اسرائیلی ریاست کے انسانیت کیخلاف جرائم پر اس کو کٹہر ے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون واضح اور ناقابل تقسیم ہے۔ اسرائیل اپنے جرائم اور خلاف ورزیوں پرہٹ دھرمی کے ساتھ قائم ہے۔ وہ عالمی برادری کی آنکھوں کے سامنے فلسطینی سرزمین میں اپنی نوآبادیاتی آباد کاری کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسرائیل کھلے عام بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے اور جنیوا کنونشنز اور اقوام متحدہ کی قرارداوں کو پامال کررہا ہے۔انہوںنے کہا کہ اسرائیلی ریاست کے جرائم پرعالمی خاموشی صیہونی ریاست کی جرائم کے تسلسل میں اس کی حوصلہ افزائی کررہی ہے جبکہ فلسطینیوں کو کسی قسم کا تحفظ فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ کارروائیاں اسرائیلی فوج کے نہ ختم ہونے والے جرائم کا تسلسل ہیں۔

Back to top button