بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

آڈیو میں کوئی غلط بات نہیں کی گئی، چودھری پرویز الہیٰ

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ آڈیو میں کوئی غلط بات نہیں کی گئی، محمد خان بھٹی کے کیس کے لیے ایک وکیل کے ساتھ گفتگو کو ٹیپ کرکے غلط رنگ دیا گیا ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے آڈیو لیک کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ محمد خان بھٹی 10 دن سے لاپتہ ہے، ان کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں اپیل کی ہے آخر وہ کیس بھی سامنے آنا ہے، اگر کوئی فلاں بندہ انصاف کے لیے اپنے وکلا کے ذریعے عدالتوں کو رجوع کرتا ہے تو اس میں یہ گناہ ثابت کرنا چاہ رہے ہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت عدلیہ کے ادارے کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے، ہم نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے،عدلیہ اس وقت عوام کی امیدوں کا مرکز ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت انتقام میں اندھی ہوچکی ہے، تمام مخالفین کو جھوٹے کیسز میں جیلوں میں بند کرنا چاہتی ہے، ماڈل ٹاؤن سانحہ کے سرغنہ رانا ثنااللہ بوکھلائے ہوئے اٹھے ہیں اور بولنا شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کیس میں ہی کیفر کردار تک پہنچیں گے، اس نااہل حکومت کی تمام غلط کاریوں کی چیزیں سامنے آکر رہیں گی، اللہ کی مدد سے رانا ثنااللہ کے سارے کرتوت باری باری سامنے آ رہے ہیں۔

مزید پڑھیے  ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے، ادارے تماشا دیکھ رہے ہیں، عمران خان
Back to top button