بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

گلبرگ گرین کے تعاون سے ایکسپو سنٹر اور ہسپتال تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ احسن بختاوری

 اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے آئی بی ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (گلبرگ گرین) اسلام آباد کا دورہ کیا اور سوسائٹی کے صدر طارق محمود، جوائنٹ سیکرٹری بلال ریاض برکی اور دیگر عہدیداران کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔


احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت زرمبادلہ کے بحران کا سامنا ہے جس وجہ سے معیشت شدید مشکلات سے دوچار ہے اور موجودہ بحران سے نکلنے کا سب سے بہتر حل برآمدات کو تیزی سے فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کافی عرصے سے اسلام آباد میں ایک ایکسپو سنٹر کی تعمیر کیلئے کوشاں ہے لیکن جگہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے اس پر ابھی تک پیش رفت نہیں ہو سکی۔ لہذا انہوں نے تجویز دی کہ گلبرگ گرین ایکسپو سنٹر کے قیام کیلئے جگہ فراہم کرنے پر غور کرے تا کہ اسلام آباد میں کثرت کے ساتھ نمائشوں کا انعقاد کر کے برآمدات کو تیزی سے بہتر کیا جا سکے جس سے اس خطے کی صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر اپنے ممبران کیلئے ایک ہسپتال بھی تعمیر کرنا چاہتا ہے لہذا انہوں نے تجویز دی کہ گلبرگ گرین چیمبر کوہسپتال کی تعمیر کیلئے پلاٹ الاٹ کرنے پر غور کرے تا کہ چیمبر کے ممبران کو علاج معالجے کی ایک معیاری سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر وفاقی دارالحکومت کو شہر جمال و شہر گلاب و یاسمین بنانے اور اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کیلئے جشن بہاراں اور شجر کاری مہم شروع کرنا چاہتا ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اسلام آبا دکے ماحول کو مزید سربز وشاداب بنایا جا سکے لہذا انہوں نے کہا کہ گلبرگ گرین اس مشن میں بھی چیمبر کے ساتھ تعاون کرے۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی سوسائٹی کے عہدیدارن کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔

مزید پڑھیے  گھریلو سلنڈر مہنگا کر دیا گیا


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی بی ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر طارق محمود نے چیمبر کے صدر احسن بختاوری کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وہ ان پر ہمدردانہ غور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کے منصوبوں میں چیمبر کے ساتھ تعاون کرنے پر بھی غور وخوض کریں گے۔انہوں نے چیمبر کی طرف سے جشن بہاراں اور شجر کاری مہم شروع کرنے کی تجویز کو بھی سراہا کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات کو کم کرنے کیلئے اسلام آباد سمیت پورے ملک میں شجرکاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔


چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری، جناح سپر مارکیٹ ایسو سی ایشن کے صدر اسد عزیز، سیف الرحمٰن خان، ساجد ستی، مدثر ضیاء، سید اظہر شاہ، ملک نجیب،سردار قیصر محمود، سردار زاہد رشید، امتیاز عباسی، خالد چوہدری، فیضان شہزاد، وقاص خان، بابر چوہدری، ملک محسن خالد اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Back to top button