پاکستان اوراٹلی کا اقتصادی تعاون کوفروغ دینے پر اتفاق
پاکستان اور اٹلی نے اقتصادی تعاون کوفروغ دینے پر اتفاق کیاہے۔ وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز سے جمعہ کویہاں اطالوی ایجنسی برائے ترقیاتی تعاون(اے آئی سی ایس)کے ڈائریکٹر جنرل روم میسٹریپیریل لوکا اور پاکستان میں اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیرریز نے ملاقات کی۔ اقتصادی امور ڈویژن میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں اطراف کے اعلی سرکاری نمائندے بھی موجود تھے۔
اطالوی ایجنسی برائے ترقیاتی تعاون کے ڈائریکٹر جنرل نے ملاقات کے دوران بتایا کہ اٹلی کی حکومت ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے اقتصادی تعاون بڑھانے پر توجہ دینے کی خواہاں ہے اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے بہت اہم ملک ہے اور ہم اپنے اقتصادی تعاون کے ذریعے حکومت پاکستان کے ساتھ روابط جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اٹلی کی حکومت دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں، سرکاری اور تجارتی اداروں کے درمیان روابط قائم کرنے اور ا نہیں فروغ دینے کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مزید مضبوطی اور فروغ کا باعث بنیں گے۔
پاکستان میں اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیرریز نے بتایا کہ اٹلی کی حکومت جلد ہی اطالوی تجارتی ایجنسی کا دفتر کھول رہی ہے جس سے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ وزارت اقتصادی امورکے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیازنے جنیوا میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے عزم پاکستان کانفرنس میں حکومت اٹلی کے تعان کے اعلانات کو سراہا۔ انہوں نے حکومت اٹلی کی جانب سے پاکستان میں اقتصادی ترقی کی سرگرمیوں کے لیے کئے گئے مسلسل تعاون کا اعتراف کیا۔
سیکرٹری اقتصادی امور نے پاکستانی عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اطالوی اقتصادی معاونت کے اہم کردار کا اعتراف کیا ۔انہوں نے سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے اطالوی ایجنسی برائے ترقیاتی تعاون سے معاونت کی بھی درخواست کی۔