سویڈن میں قرآن مجید فرقان حمید کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی ریلیوں اور جلسوں کا سلسلہ جاری
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) دیگر علاقوں کی طرح خوشاب کے مختلف علاقوں میں بھی سویڈن میں قرآن مجید فرقان حمید کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی ریلیوں اور جلسوں کا سلسلہ جاری ہے ۔اس حوالے سے تحریک لبیک پاکستان نورپورتھل کی طرف سے جامعہ شمس القرآن سے ایک ریلی نکالی گئی ۔ جس کی قیادت تحریک لبیک پاکستان سرگودھا ڈویژن کے رہنما علامہ شیر محمد سیالوی نے کی ۔شرکاءے ریلی نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ جن پر اس حوالے سے شدید مذمتی نعرے درج تھے ۔ ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکائے ریلی نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ تحفظ حرمت قرآن مجید فرقان حمید ریلی سے کلمہ چوک میں خطاب کرتے ہوئے علامہ شیر محمد سیالوی، علامہ ارشد نوید حیدری،، مولانا قاری محمد اسماعیل سیالوی، مولانا حق نواز چشتی، مولانا محمد شفیع نظامی ،قاری اسد اللہ خان نیازی ، راجہ فیاض حسین عطاری ،مولانا عزیز الرحمان اور دیگر مقررین نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی سخت مذمت کرتے ہوئے سمت مسلمہ سے پر زور مطالبہ کیا کہ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر طاغوتی طاقتوں کے مذموم عزائم خاک میں ملادیں اور سویڈن کی حکومت سے ہر قسم کے تجارتی اور سفارتی تعلقات کو بھی ختم کریں ۔