امریکا میں شدید برفباری، 17 لاکھ بجلی سے محروم، 13 ہلاک، کرسمس کی خوشیاں ماند پڑ گئیں
امریکا میں یخ بستہ ہوائیں اور شدید برفباری نے نظام زندگی مفلوج کردیا ہے، 17 لاکھ لوگ بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ سرد طوفان کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ ہونے سے لاکھوں افراد کرسمس کے موقع پر مختلف شہروں میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سرد طوفان، یخ بستہ ہوائیں اور درجہ حرارت خطرناک حد تک پہنچنے کی وجہ سے کئی علاقے منجمد ہوگئے جس کی وجہ سے امریکا کی 6 ریاستوں میں 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق مسلسل گرتے درجہ حرارت سے امریکا میں سرد طوفان نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے جہاں ملک بھر میں توانائی کا نظام، ایندھن کی بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
سال کے مصروف ترین سفری اوقات کے دوران لاکھوں امریکیوں کے لیے روزمرہ کے معمولات دھرے کے دھرے رہ گئے جبکہ کچھ علاقوں میں سرف طوفان اور برفباری سے کرسمس کی چھٹیوں میں اضافہ کردیا گیا۔
دوسری جانب 17 لاکھ لوگ بجلی سے محروم ہوگئے، امریکی ریاست ٹیکساس میں آئل ریفارئنری نے پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار میں کمی کردی اور مزید نقصان سے بچنے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔
ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ وائیر ڈاٹ کام کے مطابق سرد طوفان ’بم سائیکلون‘ کی وجہ سے گزشتہ روز (24 دسمبر) کو ایک ہزار 900 امریکی پروازیں منسوخ کردی گئیں تاہم اس سے قبل 6 ہزار پروازیں پہلے ہوچکی تھیں۔
پروازوں کی منسوخی کے باعث اٹلانٹا، شکاگو، ڈینور، ڈیٹرائٹ اور نیویارک سمیت کئی ایئرپورٹ لاکھوں افراد کرسمس کے موقع پر مختلف شہروں میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔
سرد طوفان سے سب سے زیادہ نیویارک کی ریاست متاثر ہوئی ہے، نیور یارک کے گورنر کیتھی ہوچول نے مقامی گارڈز کو ایری کاؤنٹی اور اس کے مرکزی شہر بفلیو میں تعینات کردیا دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ شدید برفانی طوفان کی وجہ سے ہنگامی خدمات بھی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں۔
موسمی حالات پر نظر رکھنے والی مقامی سروس کے مطابق 20 کروڑ سے زائد امریکی سرد برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں جہاں درجہ حرارت منفی 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی ریاستوں کے حکام خطرناک حالات کے حوالے خبردار کررہے ہیں اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کررہے ہیں۔