ابوظہبی ٹی ٹوئنٹی میلہ کل سے سجے گا،6 پاکستانی کرکٹرز بھی ان ایکشن ہونگے
ابوظبی ٹی 10 کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز کل 23 نومبر سے ہورہا ہے۔ ٹورنامنٹ میں اس بار امریکہ سے 2 نئی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں یوں ٹیموں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کل 23 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 4 دسمبر کو ہوگا جس کے اختتام پر رنگارنگ تقریب ہوگی۔ پہلے راؤنڈ کے مقابلے بعد کوالیفائیر اور ایلمینیٹر مقابلے ہوں گے۔ ابوظبی ٹی 10 میں دنیا کے کئی نامور کھلاڑی شرکت کررہے ہیں ان میں پاکستانی اسٹارز بھی شامل ہیں محمد عامر کو بنگلہ ٹائیگرز نے چنا ہے۔ پاکستانی لیفٹ آرم اسپن آل راؤنڈر عماد وسیم دہلی بلز کے لیے، تجربہ کار فاسٹ بولر وہاب ریاض اور 24 سالہ دائیں ہاتھ کے بلے باز اعظم خان نیویارک اسٹرائیکرز کے لیے کھیلیں گے۔ سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عرفان ناردرن واریئرز کی نمائندگی کریں گے جبکہ عماد بٹ ٹیم ابوظبی کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔